اپوزیشن کو سڑکوں پر آنا چاہیے،امید ہے طاقتور حلقے نیوٹرل رہیںگے، سعد رفیق

January 29, 2022

لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ اپوزیشن کو سڑکوں پر آنا چاہیے، ہر لانگ مارچ سے کچھ نہ کچھ نکلتا ہے، کوئی لانگ مارچ ضائع نہیں ہوتا، امید ہے طاقتور حلقے نیوٹرل رہیں گے ، دوسروں کو چور کہنے والے خود چور نکلے، ایسی صورتحال میں اداروں کا کوئی والی وارث نہیں،لوگ جانتے ہیں کہ عمران خان کے آنے کے بعد کرپشن میں اضافہ ہوا ،پی ٹی آئی کے ڈونرز اور سپوٹرز کو نوازا گیا ۔ احتساب عدالت کے باہر خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ دوسروں کو چور کہنے والے خود چور نکلے ہیں ،ایک ایسی صورتحال بن چکی ہے جہاں اداروں کا کوئی والی وارث نہیں ہے ۔سٹریٹ کرائم میں اضافے کا تعلق مہنگائی اور بے روز گاری سے ہے ۔ ای وی ایم پی ٹی آئی کا الیکشن لوٹنے کا اگلہ منصوبہ ہے ،ای وی ایم پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں،آئینی زمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے انہوں نے 37 اعتراضات اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نیب کو کنٹرول کرنے کا حکومت کا پلان ہے ،حکومت انتقامی سیاست کر رہی ہے۔ چوہدری سرور کیخلاف بات نہیں کروں گا ذاتی تعلق ہے اگر احتساب شفاف ہوتا تو نظر آتا ۔