راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سرقہ باالجبر ،چوری ،قفل شکنی اور راہ زنی کی وارداتوں میں شہری 2گاڑیوں ایک ٹریکٹر2رکشوں 13موٹر سائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز،نقدی اور دیگراشیاء سے محروم ہوگئے ،8افراد سے جھپٹا مار کران کے موبائل چھین لئے گئے ۔ وفاقی دارالحکومت میں بھی 22وارداتوں میں لاکھوں روپے کی نقدی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء کے علاؤہ ایک کار اور 13موٹر سائیکل اڑا لئے گئے، 4 موبائل فون اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی جبکہ 4 گھروں کے تالے ٹوٹ گئے ۔تھانہ ہمک کے علاقے جی ٹی روڈ پر حبیب بینک میں پیر کو دن دیہاڑےچھ مسلح ڈاکو عملہ کو یرغمال بناکر رقم لوٹ کرچلتے بنے۔ بینک منیجر حمزہ پرویز نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایاکہ اڑھائی کروڑ روپے لوٹے گئے ۔مدعی کے مطابق چھ نامعلوم مسلح ڈاکو حبیب بینک کے باہر پہنچے جن میں سے ایک نامعلوم ڈاکوبینک کےاندر گیااوراس نے باقاعدہ مشین سےپہلےٹوکن نکالا اورجائزہ لیاجس کےبعدایک ایک کرکے باقی ڈاکوبھی بینک کےاندر گھس گئے۔دوسری جانب پولیس کےمطابق مذکورہ منیجر نے تحریری درخواست میں کوئی رقم نہیں بتائی اورکہا کہ وہ گنتی کرکے بعدمیں لوٹی گئی تمام رقم کا بتائیں گے۔پولیس ذرائع کاکہنا ہے کہ اسی بینک میں پچھلے پندرہ سال میں یہ تیسرا ڈاکہ تھا۔تھانہ روات کے علاقہ کلر سیداں روڈ مانکیالہ پل کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران ملزموں کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا،ملزمان کار سوار سے نقدی چھین کر فرار ہوگئے ۔ تھانہ رتہ امرال کے علاقہ ڈھوک حسومیں2نامعلوم ملزمان محمد ابرار اور اس کے دوست سے اسلحہ کی نوک پر 2 موبائل اور 40ہزار روپے ،تھانہ بنی کے علاقہ ڈھوک دلال میں نامعلوم ملزم عامر علی کو چھری دکھا کر اس کاموٹر سائیکل،تھانہ صادق آباد کے علاقہ ایرڈ یونیورسٹی کے سامنے2نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر محمد شامیر سے موبائل اور 6ہزارروپے ، شکریال میں 2نامعلوم ملزمان فہیم احمد سے اسلحہ کی نوک پر 2 موبائل اور31ہزار روپے ، سکستھ روڈ پر 2موٹرسائیکل سوارعظیم شمعون سے اسلحہ کی نوک پر موبائل ،تھانہ ویسٹریج کے علاقہ لین 7میں دو موٹرسائیکل سوار محمد اویس رضا سے گن پوائنٹ پرموبائل ،تھانہ ویسٹریج کے علاقہ جابہ پلی کے قریب ایک موٹرسائیکل سواراسلحہ کی نوک پرسہیل احمد سے موبائل اور7ہزار روپے ،تھانہ نصیرآباد کے علاقہ ڈھوک گجراں میں2موٹرسائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر ناصر حیات سے 49ہزار 300 روپے ،تھانہ آراے بازار کے علاقہ ٹینچ بھاٹہ میںنامعلوم موٹرسائیکل سوار امجد اسلام سے اسلحہ کی نوک پر25ہزار روپے اور کریڈٹ کارڈ،تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ پام سٹی قبرستان میں 2نامعلوم ملزمان راحیل انور سے اسلحہ کی نوک پر لیپ ٹاپ، 4ہزار روپے اور موبائل،تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ نیوگلزار قائد میں2نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پرعمر حیات اور اس کے دوست سے موبائل فون اور 20 ہزارروپے چھین کر فرار ہوگئے ۔باڑا مارکیٹ میں طہراب خان کی دکان کے شٹر کا تالہ توڑ کر 7لاکھ روپے ،راجہ بازار میں اکبر علی کی گاڑی میں سے موبائل ،کیرج فیکٹری کے قریب اسلامک ماڈل سکول کی چھت سے سولر کی 4بیٹریاں مالیتی 80ہزار روپے ، کمال آباد میں محمد سمیع اللہ کے گھر سے 3موبائل ، لیپ ٹاپ اور 30 ہزار روپے ،گلستان کالونی میں محمد اقدس کے گھرکی چھت سے ایک سولر پلیٹ 180واٹ،گلشن آباد میں محمد سفیر کی دو موٹریں پانی والی،دو گرنڈر ٹائلیں کاٹنے والے بجلی کے بورڈ اور بجلی کی تاریں، فیز8میں خلیل الرحمٰن کے زیرتعمیر مکان سے موٹر،ایک توڑا جو تاروں سے بھرا ہوا تھا مالیتی 2لاکھ70ہزارروپے اور 40پیس سریا، فیز8میں طارق حسین کے گھر کے تالے توڑ کر7 لاکھ 10 ہزار روپے ،2 گھڑیاں اور طلائی زیورات وزنی 6 تولہ ،مجاہد گاؤں سے ضیغم جمیل کی بھینس مالیتی 5 لاکھ روپے چوری کرلی گئی ۔تھانہ کھنہ کے علاقے سوہان سے پولیس اہلکارعدیل عباسی کا موٹر سائیکل چوری ہو گیا ۔