• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیبہ گل کے الزامات، عمران کو سیاست میں حصہ لینے کا حق نہیں رہا، خورشید شاہ

کراچی(ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ طیبہ گل کے الزامات کے بعد عمران خان کو سیاست میں حصہ لینے کا حق نہیں، فوری طور پر اپنی پارٹی قیادت سے الگ ہوں،خاتون کی بات سن کر دل کھی ہے، ثابت ہوگیا اپنے مخالفین کو سبق سکھانے کیلئے عمران خان نے ہر حد پار کی۔ ایک انٹرویو میں خورشید شاہ نے کہا کہ جاوید اقبال کو چیئرمین نیب لگانا ہماری بہت بڑی غلطی تھی اور نیب سے جس کو تکلیف ہوئی ہے ان سے معافی مانگتے ہیں طیبہ گل سے متعلق حقائق اب کھل کر سامنے آرہے ہیں ، عمران خان طیبہ گل کے الزامات کو عدالت میں چیلنج کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاستدان ہوں میں ذاتیات تک نہیں جاتا لیکن اتنا ضرور کہوں گا کہ خاتون کی بات سن کر دل بہت دکھی ہوا اور ریاست کا جو بھی وزیراعظم ہو وہ قوم کا ماں باپ کا درجہ رکھتا ہے۔ خاتون نے کہا میں ان سے ملی مجھے بلایا گیا سب ثبوت لیے گئے نیب چیئرمین کے ذریعے سے جو ثبوت اس خاتون سے لیے گئے اور اس لیے لیے گئے کہ اسے بلیک میل کریں چلیں یہ بات بھی قابل قبول ہے جہاں آمریت رہی ہو وہاں یہ سب ہوسکتا ہے مگر ایک مہینہ وزیراعظم ہاؤس میں اُس سے ملنا انکی باتیں سن کر انہیں یقین دلانا حبس بے جامیں رکھنا اور ان سے وقتاً فوقتاً باتیں پوچھنا پھر ایک مہینے بعد انہیں چھوڑ دینا میں سمجھتا ہوں وہ وزیراعظم جو ریاست مدینہ کی بات کرتے تھے عمل کریں یا نہ کریں اور پھر اس طرح کی باتیں ہوں تو بہت افسوس ہوتا ہے ۔ ایک سیاستدان پر الزام لگا ہے سیاستدان بہت بڑا انسان ہوتا ہے ۔ میرا شک اس وجہ سے بھی بڑھا کہ پندرہ بیس سال پہلے امریکا میں واقعہ ہوا اس میں بھی وہ انکاری ہوئے اور بعد میں وہ ثابت ہوگیا۔ اُن خاتون کا اس وقت باہر آنا اس وجہ سے بھی ہے کہ ایسی حکومت آئی ہے جس میں انہیں انصاف کی امید ہے اور انکی داد رسی ہوگی، میڈیا میں بھی وہ اب آسکتی ہیں ۔ وزیراعظم اور سارے اداروں کو چاہیے اس کا نوٹس لیں ۔خورشید شاہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم قوم کا باپ کا درجہ رکھتا ہے وہ اپنی ذاتی زندگی میں چاہے جتنی بھی شادیاں کریں لیکن جب وزیراعظم کے پاس کوئی فریادی جائے اور اسکا وہ استعمال کر کے اپنے مسائل کو حل کریں یہ مناسب نہیں ہے۔طیبہ گل کہتی ہیں اُن کے پاس ثبوت موجود ہیں اور تحریک انصاف کی حکومت میں میڈیا پر دباؤ تھا اس لیے میڈیا پر بھی ان کے مسئلہ کو اس طرح اجاگر نہیں کیا جاسکا اب چونکہ میڈیا آزاد ہے اب کھل کر بات ہو رہی ہے میں سیاستدان کی حیثیت سے عمران خان سے گزارش کروں گا طیبہ گل کو چیلنج کریں اور اگر وہ صاف ہو کر نکلتے ہیں تو مجھے خوشی ہوگی۔

اہم خبریں سے مزید