عظمٰی صدیقی
کبھی کبھا ر چٹ پٹے اور روغنی پکوان کھانے کا دل کرتا ہے اور ان میں نہاری اور پائے سب سے زیادہ پسند کیے جاتے ہیں۔ اس ہفتے ہم آپ کی خدمت میں نہاری، پائے اور ساتھ میں ملائی کوفتے کی تراکیب پیش کررہے ہیں، انہیں آزماکر خود بھی مزے سے کھائیں اور پڑوسیوں کو بھی کھلائیں۔
…… ملائی کوفتے گریوی……
اجزا: قیمہ ایک کلو ،پیاز آدھاکلو (باریک چوپ کرلیں)، ہری مرچیں چھ سے سات عدد (باریک چوپ کر لیں )، ہرا دھنیا آدھی گٹھی، پسا ہو اگرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ ،خشخاش ایک چائے کا چمچہ، چنےپھنے ہوئے ایک کھانے کا چمچہ ،ملائی تین کھانے کے چمچے، نمک حسبِ ذائقہ۔
گریوی کے لیے: پیاز دو عدد (سلائس کی شکل میں کاٹ لیں)، پسی ہوئی لال مرچ دو کھانے کے چمچے ،پسا ہوا دھنیا ایک کھا نے کا چمچہ ، ہلدی پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ ،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ،دہی آدھا کپ، نمک حسب ذائقہ،تیل حسبِ ضرورت
ترکیب: سب سے پہلے مشین میں قیمہ، آدھی پیاز ،ہری مرچیں ،ہر ادھنیا ،گرم مسالہ، خشخاش ،بھنے ہوئےچنے اور نمک ڈال کر باریک پیس لیں۔ اسے ایک کھلے منہ کے پیالے میں نکال کر ملائی ڈال کر ملائیں، پھر اس کے چھوٹے بڑے جیسے چاہیں کوفتے بنالیں۔
ایک دیگچی میں تیل گرم کریں۔ اس میں بچی ہوئی پیاز ڈال کر سنہری تل لیں اسے پلیٹ میں نکال کر دہی کے ساتھ مشین میں پیس لیں ۔ تیل میں دہی اور پیاز کا آمیزہ ڈال کر پانچ منٹ تک پکائیں ،پھر اس میں لال مرچ ،دھنیا، ہلدی، ادرک، لہسن کا پیسٹ اور نمک ڈال کر بھون لیں اب اس میں کوفتے شامل کر کے دم پر رکھ دیں ۔ نان یا چپاتی سے کھائیں۔
……بیف نہاری……
اجزاء: گائے کا گوشت ایک کلو، تیل آدھا کپ، پیاز دو عدد، سفید زیرہ۔ ایک چائے کا چمچہ، ادرک لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچ، ہری مرچ۔ پانچ عدد، نمک۔ حسبِ ذائقہ، سفید زیرہ پسا ہوا ڈیڑھ چائے کا چمچہ، دھنیا پسا ہوا ڈیڑھ چائے کا چمچہ، دار چینی، بڑی اور چھوٹی الائچی، لونگ، تیز پتہ، جائفل پسا ہوا دو چائے کا چمچہ،لال مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، سونف پسی ہوئی ڈیڑھ چائے کا چمچہ، آٹا آدھا کپ۔
ترکیب: دیگچی میں آئل، پیاز، سفید زیرہ ثابت ڈال کر لائٹ براؤن ہونے تک پکائیں، پھر ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر لا ئٹ براؤن ہونے تک پکائیں۔ بعد ازاں ہری مرچ ثابت، نمک، زیرہ پاؤڈر، دھنیا پسا ہوا، دار چینی، بڑی الائچی، چھوٹی الائچی، لونگ، تیز پتہ، جائفل ،لال مرچ اور ہلدی ڈال کر پانچ سے سات منٹ پکائیں۔ گرم پانی ڈال کر بیف کو گلنے تک پکائیں۔ گل جانے پر آٹےکو بھون کر تھوڑے سے پانی میں ملا کر ڈال دیں اور سونف بھی ڈال دیں۔ ہلکی آنچ پر تھوڑی دیر پکائیں ۔ تیل اوپر آجائے تو چولہا بند کردیں۔ بیف نہاری سرو کرنے کے لیےتیا ر ہے۔
……پائے……
اجزاء: بکرے کے پائے چار عدد، بونگ کا گوشت۔ 1کلو(دھو کر خشک کر لیں)، پسا ہوا دھنیا دو چائے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ، لہسن کے جوئے۔6سے8 عدد، پیاز۔ دو عدد (چوپ کر لیں)، ادرک۔ ایک انچ کا ٹکڑا (چوپ کر لیں)، پسی ہوئی لال مرچ دو چائے کے چمچے، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، ثابت سیاہ مرچیں ایک چائے کا چمچہ ،تیز پات ایک عدد، بڑی الائچی دو عدد، جائفل جاوتری پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ،لہسن ادرک کا پیسٹ دو چائے کے چمچے، پیاز۔
ایک عدد(سلائس کاٹ لیں)، پسی ہوئی ہلدی ایک چائے کا چمچہ، پسا ہوا گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ، ہرا دھنیا ایک کھانے کا چمچہ، ہری مرچیں ایک کھانے کا چمچہ(چوپ کی ہوئی)تیل۔ حسبِ ضرورت۔
ترکیب: ایک پتیلی میں بکرے کے پائے، بونگ کا گوشت، نمک، لہسن کے جوئے، پیاز، ادرک، زیرہ ، ثابت سیاہ مرچیں، تیز پات، بڑی الائچی ، جائفل ، جاوتری پاؤڈر اور اتنا پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں کہ اسی پانی میں بونگ اور پائے گل جائیں اور حسبِ پسند مقدار میں شوربہ بھی باقی رہے۔
اس کے بعد بگھار تیار کرنے کے لئے ایک پتیلی میں تیل گرم کر کے اس میں پیاز ڈال کر سنہری ہونے تک فرائی کر یں، پھراس میں دھنیا، لال مرچ ، لہسن، ادرک کا پیسٹ، ہلدی، گرم مسالہ اور نمک ڈال کر مسالہ بھونیں اور اسے شوربے میں ڈال کر مکس کر یں۔ لیجیے مزیدار بکرے کے پائے تیار ہیں۔ سرونگ ڈش میں نکال کر ہرا دھنیا اور ہری مرچوں سے گارنش کر کے نان یا تلوں والے کلچوں کے ہمراہ پیش کریں۔