کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہا ہے کہ غزہ کے اسپتال پر حملے کے بعد دنیا کے سخت دباؤاور رد عمل کی وجہ سے اسرائیل دفاعی پوزیشن پر چلا گیا ہے.
نواز شریف کے لئے ریلیف کے دروازے کھلتے جارہے ہیں اور ان کے سیاسی حریف عمران خان کے لئے ریلیف کے دروازے بندہوتے جارہے ہیں، مسلسل 28 ٹریڈنگ سیشن کے دوران انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں آج مسلسل دوسرے روز روپے کی قدر میں گراوٹ آئی ہے۔
میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات غزہ کے اسپتال پر حملے کے بعد دنیا کے سخت دباؤاور رد عمل کی وجہ سے اسرائیل دفاعی پوزیشن پر چلا گیا ہے۔اس حملے نے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے ۔
اسرائیلی حکومت نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد پر ذمہ داری ڈال دی ہے۔حملے کے شواہد اور دھماکے کی شدت اسرائیلی موقف پر سوالات اٹھا رہی ہے۔ خود اسرائیل کے حامی ممالک بھی تحقیقات اور احتساب کا مطالبہ کررہے ہیں۔
اسرائیلی حکومت سے سوال کیا جارہا ہے کہ وہ ماضی سے کوئی ایک واقعہ تو سامنے لائے ۔ جس میں غزہ سے داغے گئے راکٹ نے کسی بلڈنگ کو اتنی شدت سے نشانہ بنایا ہو اور اس میں تقریباً500 لوگ مارے گئے ہوں۔اس واقعے کی کوریج کرنے والے بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں نے بھی اسرائیلی دعوے پر سوالات اٹھائے ہیں۔
صرف میڈیا نے ہی نشاندہی نہیں کی بلکہ خود اسرائیلی موقف میں بھی تضاد نظر آیا۔منگل کو جیسے ہی اسرائیل کی جانب سے غزہ کے اسپتال پرلرزہ خیز حملے کی خبر میڈیا پر چلی۔
اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کے ڈیجیٹل ٹیم کے رکن نے فوراًپوسٹ کردیا۔ اسرائیلی ایئرفورس نے غزہ کے ایک اسپتال کے اندر حماس کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے جس میں بڑی تعداد میں دہشت گرد مارے گئے ہیں ۔ کچھ دیر بعد ہی اسرائیلی وزیراعظم اور فوجی حکام نے حملے کی ذمہ داری لینے سے انکار کردیا۔ صرف امریکا ہے جو اسرائیلی موقف کی تائید کررہا ہے ۔