غزہ ، کراچی( اے ایف پی، شاہد نعیم )چین اور عرب ممالک نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا ہے ، چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے بیجنگ کے دورے پر موجود عرب اور مسلم اکثریتی ممالک کے سفارتکاروں کی میزبانی کی، وفد میں فلسطین ، انڈونیشیا، مصر، سعودی عرب اور اردن کے وزرائے خارجہ شامل تھے ، اس موقع پرچینی وزیرخارجہ نے کہا کہ دنیا کو اسرائیل اور حماس جنگ کو روکنےکے لئے فوری طور پر کارروائی کرنی چاہیے ،غزہ میں انسانی تباہی پھیل رہی ہے، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ ہم یہاں سے ایک واضح پیغام بھیجنے آئے ہیں کہ ہمیں فوری طور پر لڑائی اور اموات کو روکنا ہوگا، ہمیں فوری طور پر غزہ کو انسانی امداد فراہم کرنی ہوگی، عرب ممالک کے وزراخارجہ سلامتی کونسل کے رکن ممالک کے دوروں کے سلسلے میں منگل کو ماسکو پہنچیں گے جہاں غزہ کی صورت حال پرروسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف کی میزبانی میں ماسکو میں عرب ممالک اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوگا۔