لاہور (خالد محمود خالد) بھارتی خاتون انجو واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت چلی گئی تاہم جاتے وقت مسلسل ماسک پہنے رکھا اور بھارتی میڈیا کے سوالوں کا جواب دینے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی خاتون انجو جو کہ اس سال جون میں سوشل میڈیا پر بننے والے دوست نصراللہ سے ملنے پاکستان پہنچی تھی اور یہاں اس نے مبینہ طور پر اسلام قبول کرکے نصراللہ سے شادی کرلی تھی گذشتہ روز واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان کے شہر بھیواڑی سے تعلق رکھنے والی دو بچوں 15سالہ بیٹے اور 4 سالہ بیٹی اور اپنے شوہر اروند کو چھوڑ کر جون میں گھر سے بھاگ کر پاکستان پہنچ گئی تھی جہاں اس نے جولائی میں اسلام قبول کرکے فیس بک پر بننے والے اپنے دوست نصراللہ سے شادی کر لی تھی۔ پاکستان میں اس کا نیا نام فاطمہ رکھا گیا۔ پاکستان میں آکر وہ اپنے بچوں کو نہ بھلا سکی اور اکتوبر میں اس نےاس کا تذکرہ اس نے نصراللہ سے بھی کیا تاہم وہ بھارت نہ جاسکی۔ گزشتہ روز اس کے سفری کاغذات مکمل ہونے کے بعد وہ بھارت چلی گئی۔ بھارت جاتے وقت اس نے مسلسل ماسک پہنے رکھا تھا۔ بھارت میں اس نے میڈیا کے کسی سوال کا جواب دینے سے انکار کردیا۔ یہ بات اہم ہے کہ بھارت میں اسے ان پولیس کیسوں کا سامنا کرنا پڑے گا جو اس کے شوہر نے اس کے پاکستان جانے پر اس کے خلاف کر رکھے ہیں۔