• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ میں پھر آگ و خون، خواتین و بچوں سمیت 178 فلسطینی شہید

غزہ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) غزہ میں پھر آگ اور خون ، جنگ بندی میں توسیع کیلئے عالمی مطالبات کے باوجود اسرائیلی ہٹ دھرمی، فائر بندی میں توسیع نہ ہوسکی، صیہونی طیاروں کی بمباری اور توپخانے سے گولہ باری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 178فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے، اسرائیلی افواج کا کہنا ہے کہ ان کے جنگی طیاروں نے غزہ میں 200مقامات پر بمباری کی ہے، جبالیہ کیمپ میں پناہ گزینوں کا اسکول دیگر علاقوں میں مساجد اور متعدد رہائشی عمارتیں تباہ ہوگئیں، غزہ کےاسپتالوں میں گنجائش پہلے ہی ختم ہوچکی ، زخمیوں کو اسپتالوں کے فرش پر لٹا کر طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،اسرائیلی فورسز کی لبنان پر بمباری میں خاتون اور اس کا بیٹا شہید ہوگئے ، غزہ شہر پر اسرائیلی بمباری میں ترک نیوز ایجنسی کے صحافی مونتاسر الصاف بھی شہید ہو گئےہیں، حماس اور حزب اللہ نے اسرائیل پر جوابی راکٹ حملے کئے ہیں، القسام بریگیڈ کے مطابق تل ابیب شہر پر بھی راکٹ داغے گئے ہیں، غزہ کے شمالی علاقوں النصر اور شیخ رضوان محلوں میں فلسطینی مزاحمت کاروں اور قابض فوج کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں، عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے مزید 9فوجی اہلکار زمینی جنگ کے دوران ہلاک ہوگئے ہیں ، القسام کے مطابق انہوں نے بیت حنون ، النصر محلے میں الرنتیسی اسپتال کے قریبی علاقے سمیت دیگر علاقوں میں اسرائیلی افواج کے ساتھ شدید جھڑپوں میں مصروف ہیں، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے غزہ سے ایک اسرائیلی قیدی کی لاش برآمد کرکے اسرائیل منتقل کردی ہے ،قطر اور مصر کا کہنا ہے کہ وہ جنگ بندی بحال کرنے کی کوششیں کررہے ہیں ، امریکی قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا ہے کہ ہم اسرائیل، قطر اور مصر کے ساتھ مل کر غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کو بڑھانے کے لئے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید