• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو ریاستی حل نہیں مانتے، اسرائیل، غزہ پر بمباری، غذا کا بحران شدید

کراچی، اے ایف پی (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل کو تسلیم نہیں کرتا، غزہ میں غذاء کا بحران شدید ہوگیا، اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این آر ڈبلیو اے کا کہنا ہے کہ لاکھوں لوگ فاقوں پر مجبور ہیں، یواین آر ڈبلیو اے،اسرائیلی وزیر دفاع کا امریکا کو جنگ کے خاتمے کی ڈیڈ لائن دینے سے انکار ، غزہ پر بمباری جاری ، مزید 200فلسطینی شہید ، جنین میں تین روز تک جاری کارروائی میں شہداء کی تعداد 11ہوگئی ، جنین میں اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے مسجد کی بے حرمتی بھی کی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں اسرائیلی سفیر زیپی ہوٹو ویلی نے ایک انٹرویو میں ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک دو ریاستی حل کو غزہ میں جنگ ختم ہونے کے بعد بھی کسی صورت قبول نہیں کرے گا، بلکہ اسے مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، ان کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان صیہونی وزیراعظم نتن یاہو اور جنگی کابینہ سے ملاقات کیلئے تل ابیب پہنچے ہیں، اسرائیلی وزارت دفاع کے دفتر کا کہنا ہے کہ صیہونی وزیر دفاع نے جیک سیلوان کو بتایا کہ غزہ میں جاری جنگ کئی ماہ تک جاری رہ سکتی ہے، امریکی مشیر نے اپنے دورے سے قبل کہا تھا کہ وہ غزہ میں جنگ کے خاتمے کی ڈیڈ لائن کیلئے اسرائیل پر دباو ڈالیں گے، اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این آر ڈبلیو اے کا کہنا ہے کہ غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری کے دوران غذاء کا بحران شدید ہوگیا ہے، ادارے کے مطابق لاکھوں لوگوں کو کئی کئی دن فاقے کرنا پڑرہے ہیں، اسرائیلی طیاروں کی بمباری اور توپخانے سے گولہ باری کے دوران مزید 200 افراد شہید ہوگئے، شہداء کی مجموعی تعداد 18ہزار 800 ہوگئی، جنین میں اسرائیلی فورسز کے وحیشانہ حملے جاری، تین روز میں جنین کے اندر شہداء کی مجموعی تعداد 11 ہوگئی، اسرائیلی فوج نےمقبوضہ مغربی کنارے سے 14 مطلوب گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے کہا ہے کہ ان کے اسنائپرز نے غزہ سٹی میں 4 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ مشرقی علاقے شجاعیہ میں ال یاسین گولوں سے تین فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے، اسرائیل نے اپنے ایک فوجی کی ہلاکت اور 8 فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، غزہ میں مواصلاتی نظام مکمل طور پر بند ہوگیا ہے، فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی پیلٹیل نے کہا ہے کہ جمعرات کو جنگ زدہ غزہ کی پٹی میں انٹرنیٹ اور ٹیلی فون خدمات منقطع کر دی گئی ہیں، فیس بک پر ایک پوسٹ میں کمپنی نے بتایا کہ ہمیں ایک بار پھر مکمل بندش کا سامنا ہے۔

اہم خبریں سے مزید