کراچی ، غزہ (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) غزہ کے جنوب پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کا سلسلہ روز بروز شدید ہوتا جارہا ہے ، غزہ پر بھر میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران صیہونی افواج کی بمباری میں مزید 125فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ، 90روز سے جاری جنگ میں شہداء کی مجموعی تعداد 22ہزار 438ہوگئی ہے جبکہ 57ہزار 614افراد زخمی ہوچکے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ غزہ میں بڑی تعداد میں شہری اپنی جانوں سے محروم ہوچکے ہیں اور امریکا نے اس معاملے کو اسرائیل کے سامنے اٹھایا بھی ہے ، دوسری جانب لبنان میں حماس کے شہید نائب سربراہ صالح العروری کو شہداء قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ، اس موقع پرسیکڑوں افراد نے شرکت کی ، حزب اللہ کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان پر اسرائیلی بمباری میں حزب اللہ کے علاقائی ذمہ دار سمیت 4افراد شہید ہوگئے ہیں جبکہ حزب اللہ نے المرج کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنانے کا کہا ہے،حزب اللہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کے نگرانی کے آلات تباہ کردیئے ہیں ، القسام بریگیڈ نے خان یونس سمیت غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فوجی ٹینکوں اور گاڑوں کو تباہ کرنے کی ویڈیوز جاری کی ہیں ، حوثیوں نے بحیرہ احمر میں سمندری ڈرون سے حملے کا بتایا ہے ، امریکا کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ناکام ہوگیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق غزہ بھر کی طرح خان یونس کے علاقے میں بھی اسرائیلی فوج کی اندھا دھند بمباری کا سلسلہ جاری رہا۔ ریڈ کراس کے ہیڈ کوارٹر اور العمل اسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں ایک شخص کے شہید اور درجن سے زائد مریضوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں اسپتال اور رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ نالیدی پانڈور نے کہا ہے کہ ہم فلسطین کو کبھی نہیں بھولیں گے اور فلسطینیوں کیلئے انصاف اور آزادی کیلئے ہماری جدوجہد دنیا کے سامنے جاری رہے گی اور غزہ میں نسل کشی کو روکنے کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے۔