کراچی / غزہ (نیوز ڈیسک / ایجنسیز) ایران کی جانب سے جوابی حملے کے بعد اسرائیل بھی جوابی کارروائی پر بضد ہے تاہم عالمی رہنماؤں نے اسرائیل کو تحمل کی تاکید کی ہے ، کینیڈا نے کہا ہے کہ تنازع بڑھنا نہیں چاہئے جبکہ فرانس نے کہا کہ خطے کو کشیدگی سے بچانے کیلئے ہر اقدام کریں گے ۔
ادھر کامیاب حملے کی خوشی میں ایران کے شہریوں کو جشن جاری ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد ایرانی جھنڈے لیکر سڑکوں پر موجود رہی۔
علاوہ ازیں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق مغربی اتحادیوں نے اسرائیل کو کشیدگی سے بچنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تاکید کرنا شروع کردی ہے ۔
پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم رشی سنک نے اسرائیل پر ایران کے حملے کے بعد ’تمام فریقین‘ سے ’تحمل کا مظاہرہ‘ کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اسرائیلی ہم منصب نیتن یاہو سے بات کریں گے کہ ’مزید بڑھتی ہوئی کشیدگی‘ کو کیسے روکا جائے۔
ان کے ریمارکس اسرائیل کے غیر ملکی شراکت داروں کے زبردست ردعمل کی بازگشت ہیں، جن کا کہنا ہے کہ خطے میں جاری تنازع میں کسی بھی طرح کی شدت سے گریز کیا جانا چاہئے۔
فرانس نے بھی مغربی اتحادیوں کے ساتھ مل کر اسرائیل سے کشیدگی سے بچنے کی اپیل کی ہے۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے کہا ہے کہ فرانس مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے بچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانیا جولی نے اپنے اسرائیلی ہم منصب سے کہا ہے کہ تنازع خطے میں نہیں پھیلنا چاہئے۔