• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیاریاں مکمل، شہری جلد ڈرائیونگ لائسنس گھر بیٹھے بنا سکیں گے، ڈی آئی جی

کراچی( افضل ندیم ڈوگر )سندھ پولیس کے تحت صوبے بھر کی ڈرائیونگ لائسنس برانچز کے تحت شہری اب اپنے ڈرائیونگ لائسنس گھر بیٹھے خود بنا سکیں گے،۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل لائسنسنگ اقبال دارا نے "جنگ" کو بتایا کہ اس انقلابی تبدیلی کی تمام تیاریاں مکمل ہیں بہت جلد وزیراعلی سندھ یا کسی اور شخصیت سے اس سسٹم کا افتتاح کرایا جائے گا۔ان کی کوششوں سے ڈرائیونگ لائسنس برانچز کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک ویب سائٹ اور موبائل فون ایپ تیار کرلیا گیا ہے۔ ہر شہری اپنے موبائل فون نمبر سے ویب سائٹ یا ایپ پر لوگن آئی ڈی بنائے گا۔ شہری اپنے لرنر لائسنس، پہلے سے بنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ گھر بیٹھے ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے اپلائی کر سکیں گے۔ شہری کمپیوٹر یا موبائل سے اپنی تصویر اپلوڈ کریں گے، آن لائن فارم پر تمام مطلوبہ ڈیٹا پوسٹ کیا جاسکے گا۔ میڈیکل یا فٹنس فارم بھی آن لائن ہی جمع کیا جائے گا۔ سسٹم میں موجود ایپ سے شہری کسی بھی آپشن سے لائسنس فیس کی ادائیگی کرسکے گا۔ شہری ایپ یا ویب سائٹ پر ہی تمام معلومات درست ہونے کا ڈیکلریشن خود دے گا۔ تمام ڈیٹا جمع ہونے کے بعد شہری کو ایس ایم ایس موصول ہوگا۔ لرنر لائسنس شہری اپنے پرنٹر سے خود پرنٹ کر سکے گا جبکہ دیگر دیگر لائسنس شہری کے دیئے گئے پتے پر کوریئر کے ذریعے گھر پر بھیجے جائیں گے۔ ڈی آئی جی اقبال دارا نے بتایا کہ اس سے قبل بیرون ملک پاکستانیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کیلئے پاکستان آنا پڑتا تھا مگر اب وہ اپنا انٹرنیشنل پرمٹ یا ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید بیرون ملک بیٹھے کرسکیں گے۔ اوورسیز پاکستانیوں کے لائسنس پاکستان میں دیے گئے پتے پر بھیجے جائیں گے۔
اہم خبریں سے مزید