• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام بچیوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن راولپنڈی کے زیر اہتمام غریب گھرانوں کی بچیوں کی شادیوں کی سالانہ اجتماعی تقریب راولپنڈی میں تحریک منہاج القرآن کے ضلعی صدر انار خان گوندل کی زیر صدارت ہوئی۔تحریک کے راہنماؤں مرزا آصف، اجمل محمود، راجہ عامر جاوید اور راجہ ابراہیم نے باراتوں کا استقبال کیا۔ہر جوڑے کو چار چار لاکھ کا جہیز دیا گیاجس میں ضروریات زندگی کی تمام اشیاء شامل تھیں۔تقریب کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسائل کو یکجا کر کے محروموں تک پہچانا نبوی طریق ہے،اب تک ہزاروں گھر بسا چکے ہیں،ہماری کوشش ہے کہ بیٹی بوجھ نہ بنے،منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کے علاوہ ترکی،شام،برما اور افریقہ کے پسماندہ ممالک تک مصروف عمل ہے۔تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ رفیق نجم نے کہا کہ اسلام اور مفلسی اکھٹے نہیں رہ سکتے،اسلام کا نظام مواخات معاشرے سے غربت کے خاتمے کی ضمانت فراہم کرتا ہے،مادیت زدہ نظام تعلیم نے ہمیں مخلوق پر خرچ کرنے سے روک دیا۔منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کے بریگیڈیئر (ر)عمر حیات نےکہا کہ ہم نادار بچیوں کی شادیوں کے علاوہ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر، تھر میں صاف پانی کی فراہمی، موبائل میڈیکل کیمپس، غریب مگر ذہین بچوں کے تعلیمی وظائف، بیوہ خواتین کی ماہانہ مالی امداد، فوڈ ڈسٹریبوشن اوررعائتی دستر خوان جیسے منصوبے چلا رہے ہیں جن کیلئے ہم اپنے تمام ڈونرز کے بے حد مشکور ہیں۔ مہمانان خصوصی نے نئے جوڑوں کو تحائف بھی پیش کئے۔ تقریب میں راجہ ندیم، کرنل (ر) خالد جاوید، فرقان یوسف،عثمان ارشد،امجد ارباب عباسی، امتیاز علوی، جسٹس ریٹائرڈ صغیر احمد قادری، علامہ ارشد مصطفوی، علامہ علی اختر اعوان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمائندہ شخصیات شامل تھیں۔
اسلام آباد سے مزید