اسلام آباد(مہتاب حیدر)وفاقی بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے سامان کے قواعد کے حوالے سے اپنی ترامیم کا مسودہ واپس لے لیا ہے جس میں سفر پرجانے والوں کو مسافروں کے سامان پر کچھ پابندیاں تجویز کی گئی تھیں اور ان میں سے ایک یہ تھی کہ وہ بیرون ملک سے ایک سے زائد فون نہیں لاسکتے۔ سامان کے قواعد میں ترامیم کے اس مسودے کے نتیجے میں ایف بی آر پر تنقید بڑھ گئی۔
ایف بی ار کے چیئر مین راشد محمود لنگڑیال نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے کسٹم حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سامان کے قواعد مجریہ 2024 سے اس مجوزہ ترمیم کو نکالیں۔
دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ ’’ ہاں سامان کے قواعد میں ترامیم کو واپس لینے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور اب کسٹم کے سرکردہ افسران اس معاملے پر ایک وسیع تر مشاورت کرکے ان قواعد میں مطلوبہ تبدیلیاں سامنے لائیں گے۔‘‘
ذرائع نے کہا ہے کہ ایف بی آر نے باہر سے آنے والے مسافروں پر پابندی لگانے کی تجویز دی تھی کہ وہ 1200 ڈالر سے زائد کی اشیانہیں لاسکیں گے۔