اسلام آباد(رانا غلام قادر) چیئر مین اسلامی نظر یاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ اسرائیل کو کمائی کا حصہ دینے والی مصنوعات کا معاشی بائیکاٹ کریں عام شہریوں کی جان و مال اور املاک کو نقصان پہنچانے سے مکمل اجتناب کیا جائے ،عا لمی سطح پر اسرائیلی یہودی کمپنیاں اس قاتل فوج کو ہر طرح کی امداد فراہم کر رہی ہیں۔ ان کمپنیوں کی پراڈکٹس کی خریدوفروخت مسلمان ملکوں میں بھی ہو رہی ہے اور اس سے حاصل ہونے والے منافع کی رقم فلسطین و غزہ کے مسلمانوں کی نسل کشی میں استعمال ہو رہی ہے۔ لہذا بحیثیت مسلمان ہمارا دینی وملی فریضہ بنتا ہے کہ ہم ان تمام مصنوعات اور کمپنیوں کا معاشی بائیکاٹ کریں جو کسی بھی طرح اسرائیل کو اپنی کمائی میں حصہ دے رہی ہیں یا ان کو کسی بھی طرح کا تعاون و امداد فراہم کر رہی ہیں۔البتہ اس معاشی بائیکاٹ کرنے میں اس امر کا لحاظ از حد ضروری ہے کہ عام شہریوں کی جان و مال اور املاک کو نقصان پہنچانے سے مکمل اجتناب کیا جائے، کیونکہ ہمارا دین اس بات کی اجازت نہیں دیتا۔