اسلام آباد(نمائندہ جنگ/ٹی وی رپورٹ ) وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب ‘متحدہ عرب امارات اور کویت کے سفیروں کیملاقاتیں‘ شہباز شریف نے پہلگام واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی عرب سمیت برادر ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں کشیدگی میں کمی کے لئے ہندوستان پر دباؤ ڈالیںجبکہ وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امریکا نے بھارت کیلئے فیس سیونگ کی گنجائش رکھی ہے ۔جیونیوزکے پروگرام ’’ نیاپاکستان ‘‘میں میزبان شہزاداقبال سے گفتگو کرتےخواجہ آصف نے امریکی نائب صدر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ جے ڈی وینس نے یہ ضرور کہاہے کہ کشیدگی نہ بڑھائی جائے تاہم ایک محدود کارروائی کی گنجائش بھی کھلی چھوڑی گئی ہے جیسا کہ 2019 میں ہوا تھا لیکن اگر بھارت ایسا کوئی اقدام کرے گا تو ہم اس کی فیس سیونگ کو ناکام بنا دیں گے اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ امریکی نائب صدرنے کشیدگی میں اضافے کو توروکا ہے لیکن انہوں نے ایک کھڑکی ضرور کھلی چھوڑی ہےیعنی کوئی محدود کارروائی اپنی فیس سیونگ کے لیے ہندوستان کرلے لیکن ہم اس کے فیس پر کالک ملیں گے ۔اس طرح کے الزامات میں کوئی وزن نہیں ہے یہ اُن کا انفرادی بیان ہوسکتا ہے۔ادھرجمعہ کوشہباز شریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی ۔وزیراعظم نے بغیر کسی ثبوت کے پہلگام واقعہ سے پاکستان کو جوڑنے کے بے بنیاد بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کیا اورکہا کہ پاکستان کی کامیابیوں کو خطرے میں ڈالنے اور ملک کو اقتصادی ترقی کی راہ سے ہٹانے کی بھارتی کوششیں ناقابل فہم ہیں۔انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔