اسلام آباد (مہتاب حیدر، رانا غلام قادر) بھارت کی جانب سے آئی ایم ایف سے پاکستان کو دیئے گئے قرضوں کا ازسرِنو جائزہ لینے کے مطالبے پر آئی ایم ایف نمائندے کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کا اعلان کیا جاچکا ہے، آئی ایم ایف کی نمائندہ ماہر بینسی نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پاکستان کیلئے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 9 مئی کو شیڈول ہےجس میں موجودہ قرض پروگرام کا پہلاجائزہ پیش کیا جائیگا،دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنی ٹیم کے ہمراہ آج اسٹینڈرڈ اینڈ پُورز گلوبل ریٹنگز کے نمائندوں کے ساتھ ایک زوم میٹنگ کی۔ وزیر خزانہ نے حکومت کے میکرو اکنامک اصلاحاتی ایجنڈے کا تفصیلی جائزہ پیش کیا،پاکستان کی ریٹنگز کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق اگلے چند ہفتوں میں مثبت نتائج کی توقع کے ساتھ پاکستان نے اسٹینڈرڈ اینڈ پُورز گلوبل ریٹنگ ایجنسی کے نمائندوں کے سامنے اپنا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا ہے اور آئی ایم ایف کی جانب سے ’’ہیلتھ سرٹیفکیٹ‘‘ ملنے کے بعد ملکی ریٹنگز کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان ایک درجہ بہتری کی توقع کر رہا ہے کیونکہ اس وقت ملک کی ریٹنگ سی سی سی پلس ہے جس کے ساتھ مستحکم آؤٹ لک (مستقبل کا جائزہ) موجود ہے۔