کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پانی روکنے کے لیے کسی قسم کا اسٹرکچر تعمیر کرنے کی کوشش کی تو ہم اس کو تباہ کردیں گے، میں سمجھتا ہوںہ بھارتی رافیل طیاروں کی سرحدی سرگرمیاں صرف اشتعال انگیزی کے لیے تھیں لیکن پاکستان نے ان کی کمیونیکیشن جام کر کے بروقت اور مؤثر جواب دیا اور ہم بھارت کے کسی جال میں نہیں پھنسیں گے،سابق سفارتکارڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ عالمی ممالک کا اس حوالے سے کنسرن بڑھ رہا ہے، اہم کردار امریکہ کا ہوگا کہ کس حد تک امریکہ اس صورتحال سے انگیج رہے گا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پہلگام واقعے کی تیاری پہلے سے کی جا رہی تھی اور اس کا مقصد پاکستان پر جھوٹے الزامات عائد کرنا تھا مگر بھارت کی یہ سازش بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کے بیانیے کو عالمی سطح پر پذیرائی نہیں ملی اور یہاں تک کہ بھارتی عوام بھی اس جھوٹ کے پیچھے کھڑی دکھائی نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کا مورال بلند ہے اور ہم کسی بھی بھارتی ایڈونچر کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اور سندھ طاس معاہدے کی ممکنہ معطلی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارتی رافیل طیاروں کی سرحدی سرگرمیاں صرف اشتعال انگیزی کے لیے تھیں لیکن پاکستان نے ان کی کمیونیکیشن جام کر کے بروقت اور مؤثر جواب دیا اور ہم بھارت کے کسی جال میں نہیں پھنسیں گے۔سابق سفارتکار ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ صورتحال حساس ہے اور آرمی چیف واضح کر چکے ہیں کہ بھارت کی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔