• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی آر پی ایف اہلکار پاکستانی خاتون سے خفیہ شادی اور ویزا خلاف ورزی پر برطرف

اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد)سینٹرل ریزرو پولیس فورس (CRPF) کے اہلکار منیر احمد کو پاکستانی خاتون سے شادی چھپانے اور اس کی ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی اسے بھارت میں پناہ دینے کے الزام میں فورس سے فوری طور پر برطرف کر دیا گیا ۔ حکام نے اس اقدام کو سروس رولز کی سنگین خلاف ورزی اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ منیر احمد جو جموں و کشمیر میں تعینات تھا نے پاکستان کے صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والی منال خان سے مئی 2024 میں آن لائن رابطے کے بعد نکاح کیا جو آن لائن نکاح کے ذریعے انجام پایا۔ منال خان مارچ 2025 میں طویل انتظار کے بعد بھارت پہنچی، تاہم اس کا قلیل مدتی ویزا 22 مارچ کو ختم ہو گیا لیکن وہ بھارت میں ہی مقیم رہی۔ ان کے وکیل کے مطابق منال خان نے طویل مدتی ویزا کے لیے درخواست دے رکھی تھی۔سی آر پی ایف کی جانب سے کی گئی تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ منیر احمد نے نہ صرف اپنی شادی کو چھپایا بلکہ بیوی کی ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود اس کی موجودگی کی اطلاع بھی نہیں دی جو کہ فورس کے سروس کنڈکٹ رولز کی صریح خلاف ورزی ہے۔ فورس نے اس اقدام کو قومی سلامتی کے لیے شدید خطرہ قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر ملازمت سے برخاست کر دیا۔

اہم خبریں سے مزید