کراچی(اسٹاف رپورٹر) بھارت کے سابق کپتان سنیل گاواسکر نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد ایشیا کپ2025میں پاکستان کو کھیلتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتا، میں نہیں سمجھتا کہ پاکستان کو اس ایونٹ میں شامل کیا جائے گا ایشین کرکٹ کونسل تحلیل ہوسکتی ہے۔ماضی کے اوپنر بھی پاکستان دشمنی میں مودی سرکار کی زبان بولنے لگے ان کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ حکومتی فیصلوں پر چلتا ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ ایشیاکپ میں کچھ الگ ہونے جارہا ہے۔ بھارت اور سری لنکا ایشیاکپ کے مشترکہ میزبان ہیں لیکن اگر حالات نہیں بدلے تو میں پاکستان کو اب ایشیا کپ کا حصہ بنتے نہیں دیکھنا چاہوں گا۔ ہانگ کانگ یا یو اے ای جیسی ٹیموں کو سہ ملکی یا چار ملکی سیریز کیلئے بھارت بلاکر ایشین کرکٹ کونسل کوختم کیا جاسکتا ہے۔میں نہیں جانتا کہ آگے کیا ہوگا مگر اس بات کا انحصار اگلے دو مہینوں پر ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کیا معاملات طے پاتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ یاد رکھیں کہ اس سال اگر یہ ایونٹ ہوا تو پاکستان کے اس ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا زیادہ امکان ہے، ہاں اگر چیزیں کچھ تبدیل ہو گئیں اور صورتحال میں بہتری ہوئی تو پھر کچھ بھی ہو سکتا ہے ،ورنہ میں یہ دیکھ رہا ہوں کہ ایشین کرکٹ کونسل تحلیل ہو سکتی ہے۔