لاہور، اسلام آباد (خصوصی نمائندہ، ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا ہر وقت ملک سے بائیکاٹ ہی انکا وطیرہ بن چکا ہے،یہ لوگ کبھی پاکستانی بن کر نہیں سوچ سکتے، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا پی ٹی آئی والوں نے سیکورٹی بریفنگ میٹنگ کا بائیکاٹ کر کے ملک دشمنی کا ثبوت دیا ہے،وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کیلئے قومی سلامتی کو نظر انداز کرنا سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے،وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا بریفنگ میں شرکت کو عمران خان رہائی سے مشروط کرناکوتاہ اندیشی ہے، عظمیٰ بخاری نے کہا بائیکاٹ کرنا ملک دشمنی کا ثبوت ہے۔ تفصیلات کے مطابق وِفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ قومی اتحاد اور یک جہتی کے اظہار کو عمران خان کی شرکت اور رہائی سے مشروط کرنا پی ٹی آئی کی کوتاہ اندیشی ہے ، یہ حب الوطنی کو مشروط کرنے کے مترادف ہے ۔ ایک بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ وطن اور اسکی سلامتی شخصیات اور لیڈرشپْ سے کہیں زیادہ اہم ہے ۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کو تا قیامت دوام ہے انشاء اللہ ۔ بڑے محترم لیڈ آئے اور دنیا سے رخصت ہوئے اپنی یاد چھوڑ جاتے ہیں قومیں زندہ رہتی ہیں ۔ وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے پہلگام حملے کے بعد بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں قومی اتحاد پر زور دیا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کی کہ وہ حالیہ قومی سلامتی بریفنگ میں شرکت سے انکار کرکے معاملے کو سیاسی رنگ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے تاریخی طور پر خود کو اہم معاملات پر قومی اتفاق رائے سے دور رکھا ہے۔انہوں نے موجودہ قومی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے ایک جامع بریفنگ کا اہتمام کرکے اتحاد کی حکومت کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ دریں اثناء وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہےکہ ملک دشمن ٹولےسے اسکے علاوہ توقع بھی کیا کی جاسکتی ہے، پی ٹی آئی کے نام نہاد ٹائیگر ابھی بھی ملک اور اداروں کے خلاف جنگ برپا کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہی وہ جماعت ہے جو اپنی حکومت میں کسی سیکیورٹی بریفنگ میں شرکت نہیں کرتی تھی اور پھر میڈیا پر آ کر شکوے کرتی تھی کہ کیا کروں، جنگ کرلوں؟"عظمیٰ بخاری نے مزید کہا، "ان سے اور کیا توقع کی جا سکتی ہے؟ ان کے ٹائیگرز آج بھی ریاستی اداروں اور ملک کے خلاف محاذ آرائی میں مصروف ہیں۔وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ قومی سلامتی جیسے اہم معاملات پر سیاست سے بالاتر ہو کریکجہتی اور سنجیدگی کی ضرورت ہے۔