کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت نے پاکستان کے خلاف دشمنی کی ایک اور حد عبور کرتے اور آبی دہشت گردی کرتے ہوئے بگلیہار ڈیم سے دریائے چناب کا پانی روک دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ کشن گنگا ڈیم کے ذریعے دریائے جہلم اگلا ہدف ہوگا، پاکستان کو ہر محاذ پر سزا دیں گے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد انڈس واٹر ٹریٹی کو معطل کرتے ہوئے بگلیہار ڈیم کے ذریعے دریائے چناب کی روانی بند کر دی ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگلا قدم کشن گنگا ڈیم ہوگا، جہاں سے دریائے جہلم کا پانی پاکستان آتا ہے۔ بگلیہار ڈیم پر قائم اسپِل وے کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ کے اعلیٰ افسر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ہم پاکستان کو ہر محاذ پر سزا دیں گے، چاہے پانی روک کر، چاہے تجارت بند کر کے، یا میل کا تبادلہ منقطع کر کے۔ چناب کا پانی پاکستان کے پنجاب کو سیراب کرتا ہے، اور ہم نے یہ پیغام دے دیا ہے کہ اب وقت گزر چکا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پانی کو ہتھیار بنانے کا یہ عمل خطے میں ایک نئے بحران کو جنم دے سکتا ہے، اور عالمی برادری کو اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لینا ہوگا۔