• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل اجلاس بلانے کی تیاریاں

اقوام متحدہ (عظیم ایم میاں) پاکستان نے پاک بھارت صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بارے میں غور کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لئے ضابطے کی کارروائی اور سلامتی کونسل کےممبر ملکوں سے صلاح مشورے شروع کردیئے ہیں، اتوار کو چھٹی کے باوجود پاکستانی سفیر عاصم افتخار اور عملہ تیاروں میں مصروف ۔ پاکستان اگلے دو سال کے لئے خود بھی سیکورٹی کونسل کاممبر ہے اورآئندہ جولائی میں ایک ماہ کے لئے سیکورٹی کونسل کی صدارت بھی کرےگا۔ ذرائع کے مطابق پاک بھارت کشیدگی اور بھارتی افواج کی پاک بھارت سرحدوں پر جنگی تیاریوں کے پیش نظر پاکستان نے سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کیلئے قواعداور ضابطوں کے مطابق ابتدائی کارروائی کا آغاز کرنے کے ساتھ ساتھ 15؍ رکنی سلامتی کونسل کےممبر ممالک سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔ پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ میں اتوار کی چھٹی کے باوجود ہنگامی صورتحال کے تحت اس سلسلے میں کام جاری ہے سفیر عاصم افتخار اور ان کا عملہ سیکورٹی کونسل کےاجلاس طلب کرنے کے لئے کاغذی اور عملی تیاریوں میں مصروف ہے۔ اگر سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اراکین ممالک امریکا، روس، برطانیہ، فرانس اور چین میں سے کسی ملک کی جانب سے کوئی سیاسی یا ٹیکنیکل بنیادوں پر کوئی رکاوٹ نہ کھڑی کی گئی تواس بات کا امکان ہے کہ آئندہ ہفتے کے وسط تک سیکورٹی کونسل کا اجلاس پاکستان کی درخواست پر پاک بھارت کشیدگی کے مسئلے پر غور کرسکے۔ تاہم ابھی تک سیکورٹی کونسل کے ایجنڈا میں ایسا اجلاس شامل نہیں ہے۔ پاکستان کی جانب سے سیکورٹی کونسل کے اجلاس بلانے کی درخواست کے جواب میں بھارتی مشن بھی متحرک ہوجائے گا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکرنے امریکی وزیرخارجہ سے بھی اپنی گفتگو میں درخواست کی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام کے واقعہ کے بارے میں عالمی ادارے اور عالمی سطح پر بھارت کی حمایت کی جائے اس سلسلے میں بھارتی حلقوں نے نائب صدر جے ڈی وینس اور ان کے بھارتی نژاد سسرال سے بھی رابطہ قائم کر رکھا ہے۔ ا دھر پاکستان مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام کے واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کا موقف اختیار کرکے بھارت کے اپنے الزامات کے ثبوت اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرکے بھارت کیلئےمشکلات پیدا کرچکا ہے تاہم بھارت مسلسل پاکستان کے خلاف بھارتی میڈیا کی یکطرفہ اشتعال انگیز پروپیگنڈہ اور عملی جنگی تیاریوں میں مصروف ہے جس میں ایک بھارت، اسرائیل معاہدہ کے مطابق اسرائیلی تعاون بھی حاصل ہے۔ 29؍ اپریل کو پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے سیکورٹی کونسل کے ماہ مئی کیلئے صدر (یونان) کو دو صفحات پر مشتمل خط میں بھارت کی یک طرفہ سیاسی اور انتہائی اشتعال انگیز اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے اسے سفارتی آداب اور عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی قراردیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید