راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں، جنگ نیوز)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ غیرملکی سرپرستی میں دہشتگردی بلوچستان میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ، ایسے دہشت گرد گروہ جو بلوچ شناخت کے نام پر بدامنی پھیلاتے ہیں، دراصل بلوچ قوم کی عزت و وقار پر دھبہ ہیں شرپسندوں کےعزائم ناکام بنائینگے،دہشتگردی کا کوئی مذہب، مسلک یا قومیت نہیں ہوتی،اس کا مقابلہ صرف قومی اتحاد اور پختہ عزم سے ممکن ہے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سپہ سالار نے ان خیالات کا اظہار جی ایچ کیو میں 15ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے گزشتہ روزجنرل ہیڈکوارٹر میں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے 15ویں سیشن کے شرکا سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ ورکشاپ 2016 سے جاری ہے جس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ، بیوروکریٹس، سول سوسائٹی، نوجوانوں، ماہرینِ تعلیم اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد شامل ہوتی ہے۔