• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو منہ توڑ جواب، 3 طیارے، بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ، رات کی تاریکی میں دشمن کے مظفرآباد، کوٹلی، باغ، احمد پور شرقیہ، مریدکے اور بہاولپور پر اپنی فضا سے میزائل حملے، 3 شہری شہید، 12 زخمی

اسلام آباد(ایجنسیاں/ٹی وی رپورٹ) بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے مظفرآباد‘کوٹلی ‘باغ ‘احمد پورشرقیہ ‘ مریدکے اور بہاولپورسمیت 8مقامات پر اپنی فضائی حدود سے میزائل فائر کردیے جس میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا گیا‘بھارتی حملے میں3شہری شہید اور 12زخمی ہوگئے ‘ پاکستان کا بھارتی جارحیت کا منہ توڑجواب‘کپواڑہ‘بارہ مولہ ‘راجوڑی‘کارگل ‘لیہ ‘ پونچھ اوراکھنورسمیت مقامات پر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایاجبکہ پاک فضائیہ نے دشمن کے دورافیل‘ ایک سخوئی طیارہ اور برنالہ سیکٹر میں ڈرون مارگرایا ہے ‘ اس کے علاوہ بریگیڈ ہیڈکوارٹرز اور دودھنیال سیکٹرمیںچیک پوسٹ کو بھی تباہ کردیا گیا ہے جس سے ہندوستان میں شدید خوف وہراس پھیل گیاہے ‘پاکستان کے تمام طیارے محفوظ ہیں ‘ کنٹرول لائن پر گولہ باری سے بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں‘ پاکستان کی فضائی حدود 48 گھنٹے کیلئے بندکردی گئی ہے جبکہ بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے‘ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کاکہنا ہے کہ بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیاجائےگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آج صبح 10 بجے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہےجبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پورے پنجاب میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے‘صوبے بھرمیں تعلیمی ادارے بندکردیئے گئے ہیں ۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی افواج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پاک فضائیہ نے دشمن کے 3جہازگرا دیے گئے ہیں، پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔سیکورٹی ذرائع کا کہناہے کہ پاکستان مسلح افواج دشمن کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ بھارت نے پاکستان پر8 مقامات پرمیزائل داغے ہیں۔وادی نیلم میں کنٹرول لائن پر گولہ باری شروع ہوگئی ہے ‘ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر میں کوٹلی،باغ اور مظفر آباد پر حملہ کیا گیا جبکہ احمد پور شرقیہ، بہاولپور اور مرید کے پر بھی حملہ ہوا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے احمد پور شرقیہ بہاولپور میں مسجد سبحان اللہ پر حملہ کیا، بھارتی بزدلانہ حملے میں مسجد میں شہریوں کو نشانہ بنایا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت نے شرمناک حملہ کیا۔بھارت کے حملے کا جواب دیا جائےگا، میزائل حملے کے نقصان کا تخمینہ لگایاجارہا ہے‘بھارتی طیاروں کو پاکستانی حدود میں نہیں آنے دیاگیا‘ پاکستان وقت کا تعین کر کے بھرپور جواب دے گا۔ انڈیا کی عارضی خوشی کو مستقل غم میں بدلا جائے گا‘ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کوٹلی میں بھارتی حملے میں 2 شہری شہید ہوئے جبکہ احمد پور میں 12 شہری زخمی ہوئے ۔ اس سے قبل سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے میں ایک معصوم بچہ شہید جبکہ ایک عورت اور ایک مرد شدید زخمی ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے رات کے اندھیرے میں معصوم پاکستانیوں کو بزدلانہ حملے میں ٹارگٹ کیا‘ پاکستان کی طرف سے جوابی کاروائی شروع ہو چکی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائیہ اور پاک فوج بھارتی بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، معصوم پاکستانیوں کے خون کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے ابھی تک صرف سویلین اور معصوم پاکستانیوں کو ٹارگٹ کیا گیا، تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کے صرف معصوم اور نہتے پاکستانیوں کو ٹارگٹ کیا گیا، ایک ایک معصوم پاکستانی کے خون کا بدلہ لیا جائے گا۔ بھارتی وزارت دفاع نے پاکستان میں حملوں کی تصدیق کردی ہے ۔ بھارتی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں 9 مقامات پر حملہ کیا ہے‘بھارت کی جانب سے حملے کے بعد ایئر اسپیس کو بند کردیا گیا اور تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیراسپیس کو 48 گھنٹے کیلئے بند کیا گیا جس کا نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد ائیرپورٹس کو بند کردیا گیا، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد ائیر پورٹ لینڈ کرنے والی پروازیں واپس بھیج دی گئیں، بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سعودی عرب، دبئی، قطر اور دیگرممالک سے آنے والی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا، ایئرپورٹس پر ہائی الرٹ کردیا گیا، پاکستان کی فضائی حدود اوور فلائنگ کیلئے بند کردی گئی۔دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان میں9حملے کیے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید