کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے سابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ وار ہائپ اور میسجنگ کے ذریعے بھارت ایک خاص فضا قائم کرنا چاہتا ہے تاکہ دباؤ ڈالا جا سکے۔ موجودہ صورتحال بھارت کی سوچی سمجھی حکمت عملی کا حصہ لگتی ہے جس میں پاکستان کے ردعمل کو بھی مدنظر رکھا گیا ہوگا۔چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہم حکومت نہیں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملکی دفاع میں فوج کا ساتھ دیں گے۔ حکومت نے اپوزیشن کی آواز دبائی اسمبلی تقاریر تک بلیک آؤٹ کی گئیں جو جمہوری روایات کے خلاف ہے۔ سندھ طاس معاہدے جیسے اہم معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس حکومت کو بلانی چاہیے تھی جبکہ مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو نظر انداز کرنا آئین کے خلاف ہے۔