اسلام آباد(نمائندہ جنگ /ٹی وی رپورٹ) قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو بھارت کیخلاف جوابی کارروائی کرنے کی اجازت اور مکمل اختیارات دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیاہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا بدلہ لینے کے لئے مرضی کے وقت‘ مقام اور انداز میں بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہےجبکہ وزیراعظم شہباز شریف نےکہاہے کہ ہماری بہادر افواج نے بھارتی حملے کا منہ توڑ جواب دے کر اس تاریک شب کو چاندنی رات بنادیا‘ہم نے احتیاط سے کام لیا ورنہ5کی بجائے انڈیا کے 10طیارے گرا سکتے تھے ‘کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں صرف چند گھنٹے لگے‘ہمارے شاہینوں نے فضاؤں میں ایسا طوفان برپا کیا کہ دشمن چیخ اٹھا‘ سروسزچیفس اور جوانوں کو سلام پیش کرتاہوں‘انڈیا نے جارحیت کر کے جو فاش غلطی کی اس کا خمیازہ اب اسے ضرور بھگتنا ہوگا۔ شاید وہ سمجھ بیٹھے تھے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے‘ ہم اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے‘ شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا‘ پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق بھارتی فوج کے حملوں میں خواتین اوربچوں سمیت 31شہری شہید اور 57زخمی ہوئے ہیں ‘ناحق خون کے آخری قطرے تک کا حساب لیا جائے گا‘بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے قریب نوشہری ڈیم کو بھی نشانہ بنایا جس سے اہم انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ‘پاک فضائیہ کی جانب سے گرائے گئے بھارتی جنگی طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29اور ایک سخوئی 30شامل ہے‘ بھارتی طیارے بھٹنڈا ‘ جموں‘ اونتی پور‘ اکھنور اور سری نگر میں گرائے گئے ہیں جبکہ ہندوستان کے 7چھوٹے بڑے ڈرونز اور دو ڈرون قبضے میں لئے گئے ہیں‘ تفصیلات کے مطابق بدھ کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے قومی سلامتی، ملکی سالمیت اور علاقائی خود مختاری کا تحفظ اور دفاع ہر قیمت پر یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو اپنی جارحیت کی فاش غلطی کا خمیازہ ضرور بھگتنا پڑے گا‘پاکستان نے روایتی ہتھیاروں کی جنگ میں اپنی برتری دشمن پر ایک مرتبہ پھر ثابت کی ہے، ہم نے کئی گنا بڑے دشمن بھارت کی جارحیت کا دندان شکن جواب دیا جس سے دشمن چیخ اٹھا، بھارت پاکستان پر حملے سے ہماری توجہ دہشت گردی کو منطقی انجام تک پہنچانے سے نہیں ہٹا سکتا، پوری قوم دفاع وطن کیلئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ لشکر جرار بن کر لڑنے کیلئے تیار کھڑی ہے۔شاید وہ سمجھ بیٹھے تھے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے لیکن وہ یہ بات بھول گئے کہ یہ بہادروں کی وہ قوم ہے جو اپنے عزم میں فولادی ہے جس کے سپوتوں نے خود کو میدان جنگ سے نکھارا ہے جو اپنے وطن کی عزت اور حفاظت کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کیلئے تیار ہیں۔گزشتہ رات پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ عددی اعتبار سے کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں صرف چند گھنٹے لگے اور اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمارے شاہینوں نے فضاؤں میں ایسا طوفان برپا کیا کہ دشمن چیخ اٹھا، بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے گئے جن پر انہیں غرور تھا، وہ راکھ، ملبہ اور نشان عبرت بن چکے ہیں‘ہمارے شاہینوں نے دشمن پر ایسی کاری ضربیں لگائیں جو وقت کا مرہم بھی کبھی نہیں بھر سکے گا۔