انصار عباسی
اسلام آباد :…پاکستان مخالف جنگی جنون میں مبتلا بھارتی میڈیا نے جعلی اور سنسنی خیز صحافت کی تمام حدیں پار کر دیں۔ لوگوں کو معلومات فراہم کرنے کی بجائے بھارتی میڈیا پاکستان کی نفرت میں اپنے جارحانہ پن میں بے قابو اور باؤلہ ہو چکا ہے۔ گزشتہ روز، بے شرمی کا حیران کن مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی ٹی وی چینلز نے صحافتی اخلاقیات کی تمام حدیں پار کر دیں۔ پاکستان کیخلاف جعلی خبریں اور من گھڑت بیان بازی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے بھارتی میڈیا نے ایسا تاثر پیش کیا کہ جیسے بھارتی حملے کے نتیجے میں پاکستان ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے اور یہاں بھارتی فوج قابض ہو چکی۔ کسی جوابدہی کے خوف کے بغیر یہ جھوٹ صرف پاکستان کیخلاف زہر افشانی کیلئے پھیلایا گیا۔ مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کی مدد سے تیار کردہ ایک ویڈیو میں پاک فوج کے ترجمان کا ایک جھوٹا بیان دکھایا گیا جس میں بتایا جا رہا تھا کہ تین پاکستانی لڑاکا طیارے مار گرائے گئے ہیں اور ایک پائلٹ کو پکڑ لیا گیا ہے۔ ایک اور من گھڑت کہانی پیش کرتے ہوئے بھارتی میڈیا نے پاکستان کے آرمی چیف کے مستعفی ہونے کا دعویٰ تک کر دیا۔ یہ تمام جعلی خبریں ذمہ داری کے احساس کا خیال کیے یا تصدیق کیے بغیر جاری کی گئیں۔ بھارتی میڈیا پر گو سوامیوں اور برکھاؤں میں کوئی فرق نہ رہا، سبھی بھارتی صحافی پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں اور جنونیت میں مبتلا ہو کر ایک دوسرے پر سبقت لیجانے میں مصروف تھے۔ اگر کوئی سچی آواز یا صحافی تھا بھی تو اسے ان جنونیت میں مبتلا چینلز پر جگہ نہیں ملی۔ یہ محض رپورٹنگ میں کوتاہی نہیں تھی۔ یہ غلط معلومات، جھوٹ پھیلانے اور سنسنی خیزی کا ایک مربوط تماشا تھا۔ شہ سرخیوں نے غیر مصدقہ دعووں کے ساتھ چیخ و پکار مچائی، اسٹوڈیو اینکرز نے یہ جھوٹی کہانیاں ڈرامائی انداز سے تھیٹر کے مزاج اور تڑکے کے ساتھ پیش کیا، جبکہ بھارتی سوشل میڈیا من گھڑت کہانیوں کی آماج گاہ بن گیا۔ اس پاگل پن میں سچ کی موت واقع ہوگئی، ذمہ دارانہ صحافت کو پامال کیا گیا اور دو ایٹمی پڑوسیوں کے درمیان جاری کشیدگی کی آگ کو جان بوجھ کر ہوا دی گئی۔ بھارتی میڈیا کیلئے ایسا رویہ کوئی نئی بات نہیں۔ خصوصاً اس وقت جب بات پاکستان کی ہو ۔ لیکن گزشتہ روز کے بھارتی میڈیا پر چھائے پاگل پن کے طوفان کا پیمانہ اور شدت غیر معمولی سطح کو چھونے لگی۔ کسی بھی معتبر ذریعہ کا حوالہ نہیں دیا گیا اور جھوٹ پر جھوٹ کہا گیا، لغو کہانیاں سنائی گئیں۔ پاگل پن کی سطح یہ تھی کہ انہیں اپنی شرمندگی کا خیال بھی نہ رہا۔ دوسری طرف پاکستان میں دیکھیں تو زمینی حقائق کے مطابق حالات پرسکون تھے۔ بھارتی میڈیا نے جنگ اور تباہی کی ایک متوازی منظر کشی کر ڈالی۔ حقیقت یہ تھی کہ پاکستان کے کسی شہر پر حملہ نہیں ہوا، کوئی پاکستانی بحری جہاز تباہ نہیں ہوا اور کوئی پاکستانی لڑاکا طیارہ مار نہیں گرایا گیا۔ جس وقت پاکستان اور اس کا میڈیا بھارتی جھوٹ کی گواہی دے رہے تھے، اس وقت بھارت میں عوام جب اگلی صبح سو کر اٹھے تو انہیں پتہ چلا کہ جو کچھ بھارتی میڈیا پاکستان کیخلاف گزشتہ رات کہہ رہا تھا وہ سب جھوٹ اور بے بنیاد تھا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ہندوتوا کے سیاسی مفادات کو پورا کرنے کیلئے ممکن ہے بھارتی میڈیا نے اپنے آقاؤں کو خوش کیا ہو لیکن اس سے ہوا یہ کہ اس کی جو بھی بچی کچھی ساکھ تھی وہ بھی مٹی میں مل گئی۔