کراچی (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق گوتریس کو امید ہے کہ سیز فائر تناؤ میں کمی کیلئے مثبت اقدام ہوگا، امید ہے یہ معاہدہ دیر پا امن اور وسیع باہمی مسائل حل کرنے کے لئے سازگار ماحول فراہم کرے گا، خطے میں امن و سلامتی کی کوششیں کی حمایت کرتے ہیں ، برطانیہ، سعودی عرب، یو اے ای، ایران اور جرمنی سمیت متعدد ممالک نے جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمے نے فریقین پر زور دیا ہے کہ کشیدگی میں کمی برقرار رکھی جائے کیونکہ یہ سب کے مفاد میں ہے۔ سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ میں سعودی عرب کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اماراتی وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زاید اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے درمیان بھی بات چیت ہوئی ہے، جس میں وزیرخارجہ نے امارات کی جانب سے علاقائی امن کے لئے کی جانے والی سفارتی کوششوں کو سراہا اور سیز فائر مفاہمت کو خطے میں استحکام کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔ ایرانی وزیرخارجہ کے ترجمان نے بھی پاکستان اور بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس موقع کو کشیدگی میں کمی اور خطے کے پائیدار امن کے قیام کے لیے استعمال کیا جائے۔ جرمن دفترخارجہ نے بھی اس بات کو تسلیم کیا کہ پاکستان اور بھارت کا جنگ بندی پر رضامند ہونا کشیدگی سے نکلنے کی طرف پہلا اہم قدم ہے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔