• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ایس پی آر کا آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی تکمیل کا اعلان

راولپنڈی(نمائندہ جنگ )پاک فوج نے بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کے لئے شروع کیے گئے آپریشن ’’بنیان مرصوص ‘‘کی تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے کہاہےکہ عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کردیاجبکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیرکاکہناہے کہ کسی بھی دشمن کی سازش پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی‘پیر کو سی ایم ایچ دورہ کے موقع پرآرمی چیف نے "معرکۂ حق / آپریشن بنیانِ مرصوص" کے دوران زخمی ہونے والے سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی خیریت دریافت کی ۔وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والوں کے لئے شہداء پیکیج اورآپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی شاندار کامیابی پر ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان کیا ہے‘ شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثاء کو ایک کروڑ جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ سے 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔وزیرِ اعظم نے 16 مئی 2025، جمعہ کے روزافواج پاکستان کو خراج تحسین اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کے دن کے طور پر منانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ یوم معرکہ حق ہر سال پورے ملک میں جوش و خروش اور جذبہ ملی وحدت سے منایا جائے گا۔ 16مئی کویوم تشکر کے تسلسل میں خصوصی نوافل ادا کریں گے، اللہ کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لائیں گے اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے دعائیں کریں گے۔ پاک افواج کے شہداء کے ورثاء کو رینک کے حساب ایک کروڑ روپے سے 1.8 کروڑ روپے رقم دی جائے گی ۔پاک افواج کے شہداء کے ورثاء کو گھر کی سہولت کے لئے رینک کے حساب سے 1.9 کروڑ روپے سے 4.2 کروڑ روپے دیئے جائیں گے ۔پاک افواج کے شہداء کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الاؤنسز جاری رہیں گی ۔ پاک افواج کے شہداء کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی، پاک افواج کے ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے لئے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی ،پاک افواج کے زخمی ہونے والوں کو 20 لاکھ روپے سے 50 لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی حملے میں متاثر ہونے والے گھروں، شہید مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی،شہدا کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم یہ فرض پورا کریں گے۔دریں اثناءجنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کسی بھی دشمن کی سازش پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی ، "معرکۂ حق / آپریشن بنیانِ مرصوص" کے دوران مسلح افواج کے غیر معمولی اور متحد ردعمل، اور پاکستانی عوام کی پختہ حمایت نے ملکی عسکری تاریخ میں ایک نمایاں باب رقم کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وہ پیر کو سی ایم ایچ دورہ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔


اہم خبریں سے مزید