راولپنڈی(نمائندہ جنگ/مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے حملوں کے دوران اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف سمیت 11جوانوں سمیت 51شہری شہید ہوئے جبکہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کو دھول چٹا دی‘پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی میںبھارتی لڑاکا طیارے کہاں کہاں گرے تفصیلات سامنے آ گئیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی جہاز اننت ناگ ‘ پلوامہ ‘ اکھنور‘رام بن اور بھٹنڈہ میں گرکر تباہ ہوئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق معرکہ حق اور وطن کا تحفظ کرتے ہوئے 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ بھارتی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 78 اہلکار زخمی ہوئے۔جام شہادت نوش کرنے والوں میں پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب، کارپورل ٹیکنیشن فاروق اور سینئر ٹیکنیشن مبشر ، نائیک عبدالرحمن، لانس نائیک دلاورخان، لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی محمد عدیل اکبر اور سپاہی نثار نے جام شہادت نوش کیا۔