کراچی، غزہ (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) غزہ پر اسرائیلی بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 140فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
صرف شمالی غزہ میں حملوں کے نتیجے میں 69فلسطینی شہید ہوئے، شہداء میں القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد سنوار بھی شامل ہیں جنہیں خان یونس میں نشانہ بنایا گیا۔
محمد سنوار، شہید یحیٰ سنوار کے بھائی ہیں جو یحیٰ کے بعد القسام کی قیادت کر رہے تھے۔
گزشتہ تین روز میں اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 300 سے زائد ہوچکی ہے۔
امریکی وزیرخارجہ وٹکو ف نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل اورحماس پر عارضی جنگ بندی پیشکش قبول کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں، نئی تجویز کے مطابق نصف زندہ اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے بدلے 40 سے 60 روز کی جنگ بندی شامل ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے شمالی اور جنوبی غزہ میں بڑے پیمانے پر زمینی کارروائی شروع کر دی ہے۔
قابض افواج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کو دھمکی دی ہے کہ وہ علاقے خالی کردیں، شمالی غزہ پر بمباری سے تمام اسپتال غیر فعال ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں شدت ایسے موقع پر بڑھ گئی ہے جب قطر میں اسرائیل اور حماس کےدرمیان جنگ بندی مذاکرات دوبارہ شروع ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اشارہ دیا کہ اسرائیل حماس کے ساتھ ایک معاہدے کے لیے تیار ہے جس میں غزہ میں "لڑائی کا خاتمہ" بھی شامل ہے۔