• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو پانی کی بوند بوند کو ترسا دیا جائے گا‘ مودی کی پھر دھمکی

نئی دہلی /راولپنڈی (ایجنسیاں/مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان نے دہشتگردوں کی حمایت جاری رکھی تو اسے پانی کی بوند بوند کو ترسا دیا جائےگا‘ جن درياؤں پر بھارت کا حق ہے، ان کا پانی پاکستان کو نہیں ملے گا‘دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ انڈیا نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی توکشمیر کی آزادی پر تمام 6دریا پاکستان کے ہوں گے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ریاست راجستھان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی کا کہنا تھا کہ22اپریل کے دہشت گرد حملے کا بدلہ22 منٹ میں لیاگیا اوردہشتگردوں کے9سب سے بڑے اڈے تباہ کر دیے۔ دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ جب سندور بارود بن جائے تو اس کا نتیجہ کیا ہوتا ہے ۔ نریندرمودی نے کہاکہ حکومت نے تینوں افواج کو کھلی چھوٹ دی تھی اور انہوں نے ایسا چکر ویو تیار کیا کہ پاکستان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہونا پڑا۔ مودی نے ’آپریشن سندور‘ کے ذریعے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تین نکات بھی پیش کیے‘پہلااگر ہندوستان پر حملہ ہوا تو جواب کرارا ہوگا، وقت، طریقہ اور شرائط ہماری ہوں گی‘دوسرا، ایٹمی دھمکیوں سے ہندوستان ڈرنے والا نہیں۔ تیسرا، دہشتگردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والی حکومت کو الگ نہیں سمجھا جائے گا۔مودی نے کہاکہ پاکستان کو ہر دہشتگرد حملے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی‘ اب یہ قیمت پاکستان کی فوج اور معیشت دونوں کو ادا کرنی ہوگی ۔ ادھر قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کو انٹرویو میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کاکہناتھاکہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی فوج کو ایسا سبق سکھایا ہے جو وہ کبھی نہیں بھولے گی ‘بھارتی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے جو عسکری منصوبے اپنائے گئے ہیں وہ کئی دہائیوں تک زیر مطالعہ رہیں گے ۔ بھارت پر حاصل کی گئی برتری نے عوام کے دلوں میں فوج کی اہمیت کو بڑھا دیا ہے اور اب فوج عزت اور فخر کی علامت بن چکی ہے۔جنگ ہماری ہے اور فتح صرف اللہ کی ہے۔ ہمارا جواب رات کے اندھیرے میں نہیں تھا جیسا کہ بزدل کرتے ہیں‘ہم نے26اہداف منتخب کیے اور الحمدللہ، 26کو نشانہ بنایا۔

اہم خبریں سے مزید