کراچی(عبدالماجد بھٹی)بھارتی ریاست کرناٹک کے دارلحکومت بنگلورو میں آئی پی ایل کی جیت کی خوشی میں ہونے والا جشن سوگ میں تبدیل ہوگیا۔بدھ کو چنا سوامی اسٹیڈیم میں جشن کی تقریب میں جس وقت ویرات کوہلی تقریر کررہے تھے بھگدڑ مچ گئی اور سخت گرمی اور حبس کے باعث گیارہ افراد ہلاک ہوئے اور کئی زخمی اور لاتعداد بے ہوش ہوئے۔اس افسوناک واقعے کے بعد کرناٹک حکومت نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر وِدھان سودھا سے چِنّاسوامی اسٹیڈیم تک کی ’وکٹری پریڈ‘ منسوخ کر دی ہےمقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاکھوں کے مجمع کو کنٹرول کرنے کے لئے پانچ ہزار پولیس والے تعینا ت تھے جو ہنگامی صورتحال کو قابو نہ کرسکےعینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم کے متعدد دروازوں سے ایک ساتھ سیکڑوں افراد نے داخل ہونے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔ اسٹیڈیم میں پولیس کی بڑی نفری موجود تھی لیکن وہ عوامی سیلاب کے آگے بے بس نظر آئی۔ کئی افراد درختوں پر چڑھ کر یا شاخوں پر بیٹھ کر جشن کی ایک جھلک دیکھنے کی کوشش کرتے دکھائی دیئے۔پولیس نے فوری طور پر زخمیوں کو ایمبولینسز کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی تاہم سڑکوں پر شدید رش کے باعث اسپتال پہنچنے میں دشواری کا سامناکرنا پڑا۔منگل کی شب رائل چیلنجرز بنگلور اور کوہلی نے 18 سال انتظار کے بعد بالآخر پہلی آئی پی ایل ٹرافی جیتی۔