اسلام آباد (اسرار خان) حکومت نے بجلی کے بلوں پر 10 فیصد سرچارج لگانے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ بڑھتے ہوئے گردشی قرضے کو قابو میں لایا جاسکے۔ سرچارجز کے لیے نیپرا قانون میں ترمیم کی جائیگی۔ منصوبے کی کامیابی کیلئے نظام لایا جائیگا، وفاقی حکومت کو ڈی ایس ایس کے تحت سرچارج عائد کرنیکا اختیار ہوگا۔ یہ ایک سیاسی طور پر خطرناک اقدام ہے جو توانائی کے شعبے کی بحالی اور آئی ایم ایف کی حمایت یافتہ اصلاحات کے راستے پر رہنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ تقریر کے دوران کہا کہ موجودہ گردشی قرضے کی ادائیگی کو ری فنانسنگ کے ذریعے منظم کرنے کے لیے کسی بھی ڈیٹ سروسنگ سرچارج (ڈی ایس ایس) کو صرف اصل قرض کی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔