• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

K-4 کیلئے بجٹ میں صرف 3 ارب 20 کروڑ روپے مختص، کام بند ہونے کا خدشہ

کراچی ( رپورٹ ۔۔طاہر عزیز)کراچی کے سب سے اہم منصوبے کے فور کے لئے وفاقی بجٹ میں صرف 3ارب20کروڑ روپے مختص کئے جانے پر کام بند ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

شہریوں نے حکومت میں شامل کراچی سے ارکان قومی اسمبلی کی اس اہم منصوبے میں کارکردگی پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا ہےکہ انہوں نے بجٹ کی تیاری میں دلچسپی نہیں لی یا پھرکوئی اور وجہ ہےجس کے باعث اتنی کم رقم بجٹ میں رکھی گئی ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے اس رقم سے بمشکل ٹھیکیداروں کو صرف ایک ماہ کی ادائیگیاں ہو سکیں گی منصوبے کے لئے 40ارب روپے مانگے گئےتھے کیونکہ اس کا 65فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اب تک 85ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں مجموعی لاگت کا تخمینہ ایک کھرب 26کروڑ روپے ہےاور اسے جون 2026تک مکمل کیا جانا ہے۔

ذرائع نے بتایا اگر وفاقی حکومت 30ارب روپے بھی دے دے تو یہ 2025-2026کے مالی سال میں مکمل ہو جائے گارواں سال وفاقی حکومت نے 30ارب کی خطیر رقم جاری کی جبکہ گزشتہ سال 2023-2024 میں اس اہم منصوبے کے لئے25ارب روپے دیئے گئے تھے۔

بعض ذرائع کا یہ بھی کہنا ہےمنصوبے کے لئے انتہائی کم رقم مختص کرنے کی ایک وجہ کے فور کے کراچی میں پہنچنے والےپانی کی تقسیم کا نظام اور بجلی کا گرڈ سسٹم قائم نہ ہونا ہےکیونکہ اگر آئندہ سال پانی کراچی تک پہنچ بھی جاتا ہےتو اس کی تقسیم کے لئے لائنیں نہیں ہیں اور نہ ہی پمپنگ اسٹیشن کے لئے بجلی کا کوئی بندوبست ہو سکا ہے یہ دونوں کاحکومت سندھ کو کرنا ہیں۔

اہم خبریں سے مزید