• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈفورڈ: بچوں کو منشیات اسمگلنگ میں استعمال کرنے والی ماں کو 13 سال قید کی سزا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بریڈفورڈ میں بچوں کو منشیات اسمگلنگ میں استعمال کرنے والی ماں کو 13 سال قید کی سزا ہوگئی۔

بریڈفورڈ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو اپنے بچوں کو استعمال کرتے ہوئے میکسیکو سے برطانیہ 14.4 ملین پاؤنڈ مالیت کی کوکین اسمگل کرنے کے الزام میں 13 سال 4 ماہ قید کی سزا سنادی گئی۔

54 سالہ خاتون کو برمنگھم کراؤن کورٹ میں سزا سنائی گئی۔ انہوں نے مئی 2024 میں 180 کلوگرام کوکین درآمد کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) کے سینئر تحقیقاتی افسر رک میکینزی کے مطابق ملزمہ تجربہ کار منشیات فروش تھی جو بظاہر ایک مہربان اور محبت کرنے والی ماں کے روپ میں اپنی زندگی گزار رہی تھی۔

خاتون کو 11 نومبر 2024 کو برمنگھم ایئرپورٹ پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اپنے چار بیٹوں، بیٹی اور بہو کو لینے پہنچی تھیں۔ ان کے ہمراہ لائے گئے سوٹ کیسز میں بھاری مقدار میں کوکین موجود تھی۔

تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ یہ پانچواں موقع تھا جب مذکورہ گروہ اگست سے نومبر 2024 کے دوران کوکین برطانیہ اسمگل کر چکا تھا۔ ان کے سفر کا طریقہ کار نہایت چالاکی سے ترتیب دیا گیا تھا، جس میں ایمسٹرڈیم یا ڈبلن کی مختصر ٹرپ بک کی جاتی تھی اور واپسی پر کینکون سے آنے والی پروازوں کے وقت کے ساتھ ان کی واپسی کو ترتیب دیا جاتا تھا، تاکہ وہ منشیات سے بھرے بیگز باآسانی حاصل کر سکیں۔

اس مقدمے میں شامل خاتون کے بچوں اور بہو کو بھی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید