لاہور(خالدمحمودخالد) بھارت کے معروف صنعتکار اور ریلائنس گروپ کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر انیل امبانی کے خلاف منی لانڈرنگ اور قرض فراڈ کے سنگین الزامات سامنے آگئے ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ان کیخلاف30ارب بھارتی روپے (97ارب 50کروڑ پاکستانی روپے) کے مبینہ مالیاتی اسکینڈل میں لک آؤٹ سرکلر جاری کر دیا ہےذرائع کے مطابق ای ڈی نے ممبئی میں ریلائنس گروپ کے دفاتر پر چھاپے مارنے کے بعد انیل امبانی کو 5اگست کو پوچھ گچھ کیلئے طلب کر لیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انیل امبانی اب عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر نہیں کر سکیں گے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ امبانی سے منسلک کمپنیوں نے 2017سے 2019کے دوران بینک سے حاصل کردہ قرض کی رقم کو غیر قانونی طور پر دیگر کمپنیوں کو منتقل کیا جسے منی لانڈرنگ اور عوامی فنڈز کے غلط استعمال کی منظم اسکیم قرار دیا جا رہا ہے۔ مزید برآں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ قرض جاری ہونے سے پہلے ہی رقم کچھ مخصوص کمپنیوں کو منتقل کر دی گئی تھی جس سے رشوت اور مفاد پر مبنی لین دین کے خدشات پیدا ہوئے ہیں۔