• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کلچر فیسٹیول، اعضاء کی شاعری، مصوری اور موسیقی کا جادو

کراچی ( رپورٹ/اختر علی اختر)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025“ کا دوسرے روز رنگوں اور روشنیوں میں مزید اضافہ، سارا دن ثقافتی سرگرمیوں اپنے عُروج پر رہیں،اعضاء کی شاعری،مصوری اور موسیقی کا جادوسر چڑھ کر بولتا رہا، عالمی شہرت یافتہ فنکار رات گئے تک رونقوں میں اضافہ کرتے رہے۔ ورلڈ کلچر فیسٹیول میں آرٹ پر مبنی’’Peace & Pieces - Volume 1‘‘ کے عنوان سے عالمی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کیا۔ اس موقع پرصدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، نیپال کی سفیر Rita Dhital اور ارجنٹینا کے سفیر Leopoldo Francisco Sahores نے خصوصی شرکت کی۔ فن پاروں کی نمائش میں ارجنٹینا، بنگلہ دیش اور کوموروس کے مصوروں کے فن پارے پیش کئےگئے۔ نمائش میں ارجینٹینا سے ایڈرین بوجکو (Adrian Bojko)، بنگلہ دیش سے سبورنا مرشیدہ (Suborna Morsheada)، شمبھو اچاریہ(Shambhu Achariya) ، نہاریکا ممتاز (Niharika Mumtaz)، ببلی برنا (Bubly Barna) اور کوموروس کے یاز (Yaz) کے مصوروں کا کام شامل تھا۔اس موقع پرسوئیڈن کی معروف مصورہ ڈومی فورسٹ بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ارجینٹینا کے سفیرلیوپولڈو فرانسسکو ساہوز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ارجینٹینا کے فنکار ایڈریان نے پاکستان کے لئے طویل سفر کیا ہے،آرٹسٹ اپنے فن کے ذریعے اپنی ثقافت کا اظہار کرتے ہیں، پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ارجینٹینا کے آرٹسٹ نے پاکستان کے کسی فیسٹیول میں شرکت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلچر معاشروں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔ فنکار، دُنیا بھر کی ثقافت کو جوڑنے کے لئے پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔اُمید ہے کہ فنکاروں کے ثقافتی تبادلے کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ نیپال کی سفیرریٹا دھتل( Rita Dhital)ا کہنا تھا کہ یہ نیپال کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ ہم یہاں موجود ہیں، ہم اپنی نیپالی شارٹ فلمز بھی یہاں دیکھا رہے ہیں۔نیپالی گلوکار مدن گوپال پچھلے سال بھی آئے تھے اور اس سال بھی یہاں آئے ہیں۔ میں نیپال حکومت کی جانب سے محمد احمد شاہ کو مبارکباد دیتی ہوں۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا کہنا تھا کہ اس بار یورپ ایشیاء امریکا ہر جگہ سے لوگ آرہے ہیں۔ آرٹسٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، آرٹسٹ اپنے کام سے پوری دنیا میں امن کا پیغام دیتا ہے ۔ یہ ہماری پہلی اتنی بڑی آرٹ نمائش ہے اتنے بڑے فیسٹیول میں گورنمنٹ سندھ نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ مہمانِ خصوصی چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کہا کہ میڈیا ہمارا یہ پیغام پُوری دُنیا میں پھیلا رہا ہے۔ یہ ہمارا بہت بڑا فیسٹیول ہے۔آخر میں مہمانِ خصوصی چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ سمیت نمائش میں حصہ لینے والے آرٹسٹوں کو آرٹس کونسل کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی ۔ علاوہ ازیں”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025“ کےدوسرے روز Opening Shorts Diplomacy & Exchange آڈیٹوریم IIمیں 5شارٹ فلمز دکھائی گئیں۔ شارٹ فلمز میں 3پاکستانی ، ایک سری لنکا اور ایک نیپال کی فلم شامل تھی۔ دوسرے روز کا اختتام ”میگا میوزک کنسرٹ“ پر کیا گیا، جس میں بین الاقوامی گلوکاروں میں سیریا کے معروف گلوکار عمار اشقر ، لوسی ٹاسکر(بیلجیئم )، مدن گوپال (نیپال ) زکریا حفار(فرانس) شیریں جواد (بنگلہ دیش) اور پاکستان کے معروف گلوکار بلال سعید ،اختر چنال اور اکبر خمیسو خان نے اپنی لاجواب پرفارمینس سے خوب داد وتحسین وصول کی۔

اہم خبریں سے مزید