کراچی (رفیق مانگٹ) بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے کی ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد جاری آٹھ مختلف ایگزٹ پولز کے مطابق، وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) واضح برتری کے ساتھ ایک بار پھر حکومت بنانے کی پوزیشن میں دکھائی دے رہا ہے۔مودی اتحاد 130 سے 167 نشستوں کے ساتھ حکومت بنانے کے قریب، اپوزیشن مہاگٹھ بندھن کو صرف 70–108 نشستوں تک محدود دکھایا گیا ، ریکارڈ 67.14 فیصد ووٹر ٹرن آؤٹ ، مبصرین کےمطابق یہ مودی کے لیے ممکنہ کامیابی سیاسی ریلیف ہوگی، حتمی نتائج 14 نومبر کو ، این ڈی اے کی واپسی کے آثار نمایاں ۔ ایگزٹ پولز میں این ڈی اے کو 130 سے 167 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جب کہ اکثریت کے لیے 122 نشستوں کی ضرورت ہے۔ اس کے برعکس، اپوزیشن اتحاد مہاگٹھ بندھن (ایم جی بی) جس میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)، کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتیں شامل ہیں کو صرف 70 سے 108 نشستوں تک محدود رہنے کا اندازہ ہے۔ایگزٹ پولز کے مطابق، پروشانت کیشور کی جن سوراج پارٹی (جے ایس پی) کو 4 نشستوں، جب کہ دیگر چھوٹی جماعتوں کو 1 سے 8 نشستوں کے درمیان ملنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ایگزٹ پولز کی تفصیلی رپورٹ کے مطابق ایجنسی مٹریز کے مطابق، این ڈی اے 147 سے 167 نشستوں تک حاصل کر سکتا ہے، جب کہ ایم جی بی کو 70 سے 90 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔پیپلز پلس نے این ڈی اے کو 133 سے 159 اور ایم جی بی کو 75 سے 101 سیٹیں دی ہیں۔دینک بھاسکر کے مطابق، این ڈی اے 145 سے 160 اور ایم جی بی 73 سے 91 نشستوں کے درمیان رہ سکتا ہے۔پیپلز انسائٹ نے بی جے پی کو 68-72، جے ڈی یو کو 55-60، ایل جے پی کو 9-12، جب کہ آر جے ڈی کو 65-72 اور کانگریس کو 9-13 نشستیں ملنے کا اندازہ لگایا ہے۔جے وی سی کے اندازے میں این ڈی اے 135 سے 150 اور ایم جی بی 88 سے 103 نشستوں پر قابض ہو سکتا ہے۔