کراچی( ٹی وی رپورٹ) سیاسی مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے خود اپنے لئے کوئی راستہ نہیں چھوڑا۔ معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا کہ دو صورتوں میں مذاکرات ہوسکتے ہیں نئے انتخابات ہوں یا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کررہے تھے، جبکہ میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزئیے میں کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج یا مذاکرات پر کوئی واضح موقف سامنے نہیں آرہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیاسی مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ بات غلط ہے کہ پی ٹی آئی کے لئے کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا۔ بانی پی ٹی آئی نے خود اپنے لئے کوئی راستہ نہیں چھوڑا ہے۔ ایک گروہ افراتفری اور انارکی پر تلا ہوا ہے تو پھر کارروائی ہوگی۔ سہیل آفریدی کی تحریک الگ قسم کی ہوگی تو انتظام بھی الگ قسم کا ہوگا ۔یہ نہیں ہوگا کہ کوئی گروہ آکر اسلام آباد پر قبضہ کرلے، کیا اسلام آباد کا فتح ہوجانا ملک اور قوم کے مفاد میں ہے؟ ملک کے کسی گلے محلے میں احتجاج نہیں ہوگا۔ علیمہ خان وہی کہہ رہی ہیں جو بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے۔ ساری اسٹریٹجک پلاننگ ملاقاتوں کے ذریعے ہی ہونی تھی جو روک دی گئیں۔