راولپنڈی(اے پی پی)ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے اپنے سینئر وزرا کے ہمراہ پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (جی آئی ڈی ایس) کا سرکاری دورہ کیا‘وفد نے اہم پیداواری یونٹس کا معائنہ اور مختلف دفاعی مصنوعات کا مشاہدہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے معزز مہمان اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا دورہ کرایا۔ دورے کے دوران صدر ازبکستان کو جی آئی ڈی ایس کے متنوع دفاعی اور صنعتی پورٹ فولیو پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں جدید دفاعی نظام، صنعتی صلاحیتیں اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی منصوبے شامل تھے۔