اسلام آباد(آئی این پی )رمضان المبارک سے قبل ملک میں مہنگا ئی میں اضافہ دیکھاگیا اور روزمرہ اشیا کی قیمتیں اچانک بے قابو ہو گئیں۔ رپورٹ کے مطابق سبزی، پھلوں اور اجناس کی قیمتوں میں حالیہ چند روز میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تیل، گھی، بیسن، ٹماٹر، آلو، روٹی، انڈے، کیلا، سیب سمیت دیگر اشیا مہنگی ہو گئیں۔ اسلام آباد میں 4 دن میں ٹماٹر 40 روپے فی کلو مہنگا ہو گیا اور اب 80 کے بجائے 120 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے جب کہ آلو کی فی کلو قیمت بھی 40 سے بڑھ کر 50 روپے فی کلو ہو گئی ۔بیسن کی فی کلو قیمت 320 سے بڑھ کر 350روپے کر دی گئی۔ کوکنگ آئل اور گھی بھی 20روپے کلو مہنگا ہو گیا۔ درجہ اول گھی اور تیل 580 روپے سے بڑھ کر 600 جب کہ درجہ سوم گھی اور تیل کی قیمت 510 سے بڑھ کر 530 روپے کلو ہو گئی ۔روٹی اور پراٹھے کی قیمت میں بھی اچانک بڑا اضافہ ہو گیا ہے اور روٹی، نان پانچ روپے اضافے کے بعد 25 روپے کی ہو گئی ہے۔ خمیری نان 25 سے بڑھا کر 30 روپے جب کہ کلچہ 35 روپے کا کر دیا گیا ہے۔تندوری پراٹھا اور روغنی نان کی قیمت 50 سے بڑھا کر 60 روپے کر دی گئی ہے۔ہوٹلوں میں چائے بھی مہنگی ہو گئی ہے اور اب ایک کپ چائے 60 روپے کے بجائے 70 روپے کی فروخت کی جا رہی ہے۔