کراچی (نیوز ڈیسک)بنگلہ دیش انتخابات،اہم جماعتیں اور فیصلہ کن کردار کون ادا کریگا؟بی این پی اور جماعتِ اسلامی میں مقابلہ، دونوں بڑے انتخابی اتحادوں کی قیادت کررہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے عبوری حکومت، فوج اور شیخ حسینہ تینوں بالواسطہ انتخابی ماحول پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں 12 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں 12 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ووٹرز 350 رکنی قومی اسمبلی کے ارکان کا انتخاب کریں گے، جو سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی 2024 میں برطرفی کے بعد پہلا بڑا سیاسی مرحلہ ہے۔ ملک اس وقت نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کی قیادت میں عبوری حکومت کے زیر انتظام ہے، جبکہ عوامی لیگ پر سیاسی سرگرمیوں اور انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائد ہے۔ انتخابی میدان میں سب سے مضبوط قوت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی ہے، جس کی قیادت طارق رحمان کر رہے ہیں، جبکہ جماعتِ اسلامی 11 جماعتی اتحاد کے ساتھ دوسری بڑی طاقت کے طور پر سامنے آئی ہے۔