• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی بینک نے ہمارے منصوبوں کی تعریف کی، شرجیل میمن

کراچی(آئی این پی)صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عالمی بینک نےہمارے منصوبوں کی تعریف کی، کراچی میں تنقید اور مخالفت نہ ہو تو بعض جماعتوں کی سیاست نہیں چلتی۔ سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پی اے کانفرنس کے بعد عالمی ینک کے صدر اور وفد نے مختلف شہروں کے دوروں کے بعد حکومتِ سندھ کے منصوبوں کی تعریف کی۔انہوں نے اسلام آباد میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے بھارتی خفیہ اداروں اور طالبان کی معاونت سے معصوم اور نہتے لوگوں پر حملہ کیا۔ وہ دشمن ممالک جو پاکستان کا سامنے سے مقابلہ نہیں کر سکتے اور جنہیں تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا، وہ پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ اس حملے سے یہ بات واضح ہو گئی کہ دشمن کس حد تک گر سکتا ہے، جبکہ بھارتی فیک اکانٹس کے ذریعے واقعے کو بنیاد بنا کر ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرنا چاہئے تاکہ دشمن کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ ہم ایک قوم بن کر متحد ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم اور جماعتِ اسلامی کراچی میں مخالفت نہ کریں تو ان کی سیاست کیسے چلے گی، جبکہ باقی شہروں میں ایسے واقعات پر یہ خاموش رہتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید