• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلی پاکستانی صوفی اوپیرا سنگرکی امریکی ایوان بالا میں شاندار پذیرائی

کراچی (رپورٹ/ اختر علی اختر) پہلی پاکستانی صوفی اوپیرا سنگرکی امریکی ایوان بالا میں شاندار پذیرائی ، سائرہ پیٹر نے صوفی اوپیرا بھی اپنی آواز میں پیش کیا، امریکی ایوانِ کانگریس نے باوقار اعزاز سے نوازا، تقریب میں ’شی لیڈز دی نیشنز‘ کا عالمی سطح پر نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین کو خراجِ تحسین۔ تفصیلات کے مطابق امریکا بھر اور دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنما پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے شی لیڈز دی نیشنز گلوبل سمٹ اینڈ لانچ میں شرکت کے لئے کیپٹل ہل، واشنگٹن ڈی سی میں جمع ہوئیں۔ یہ تاریخی تقریب امریکی ایوانِ کانگریس میں منعقد ہوئی۔ لِز ڈوئل کی جانب سے قائم کردہ شی لیڈز دی نیشنز دراصل 2021 میں شروع ہونے والی تحریک شی لیڈز امریکا کی عالمی توسیع ہے، جس کا مقصد حکومت، میڈیا، کاروبار، تعلیم، صحت، دفاع اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والی خواتین رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ گلوبل سمٹ کا اختتام پر منعقدہ خصوصی لانچ اینڈ آنرنگ ریسیپشن پر ہوا، جہاں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی چودہ غیر معمولی خواتین رہنماؤں کو ان کی جرات، ایمان، خدمت اور اعلیٰ قیادت کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔بانی و ایگزیکٹو ڈائریکٹر لِز ڈوئل نے کہا: “یہ خواتین اس بات کی مثال ہیں کہ جب ایمان، بہترین کارکردگی اور جرات یکجا ہوں تو کیا، کچھ ممکن ہو سکتا ہے۔ وہ قوموں کی تشکیل کر رہی ہیں، آزادی کا دفاع کر رہی ہیں، کمزوروں کی خدمت کر رہی ہیں اور حق کے لئے ڈٹ کر کھڑی ہیں۔” برطانوی نژاد پاکستانی سوپرانو سائرہ پیٹر کو دنیا کی پہلی صوفی اوپیرا گلوکارہ کی حیثیت میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ انہیں صوفی اوپیرا کی نئی صنف متعارف کرانے، عالمی یکجہتی اور فنی معیار کے فروغ، اور نوجوان خواتین کو قیادت کے لئے تیار کرنے کی مسلسل کاوشوں پر یہ اعزاز دیا گیا۔ اس موقع پر روایتی پاکستانی لباس میں ملبوس سائرہ پیٹر نے بتایا کہ وہ روحانی (صوفی) دھنوں کے ذریعے محروم خواتین اور بچوں تک امید، خوشی اور وقار کا پیغام پہنچاتی ہیں۔ ان کی گفتگو پر معزز حاضرین نے بھرپور داد دی اور متعدد شرکا نے بعد ازاں ان سے ملاقات کر کے مبارکباد پیش کی اور مستقبل کے تعاون پر گفتگو کی۔ سائرہ پیٹر کو این جے آرٹس لندن کی ڈائریکٹر اور سائرہ آرٹس اکیڈمی لاہور کی بانی کے طور پر بھی سراہا گیا، جہاں وہ پسماندہ نوجوان خواتین کو اوپیرا کی تربیت دیتی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید