اسلام آباد( نامہ نگار) وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمحمود خان اچکزئی کے پاک فوج سے متعلق بیان کو بڑا غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہاہےکہ پاک فوج اپنے خون سے حلف کی تائید کر رہی ہے‘ہم سیاستداںپارٹیاں بدلتے ہیں مگرشہداءنے کبھی پارٹیاں نہیں بدلیں۔ اپوزیشن لیڈرکا پاک فوج کو چاراضلاع کی فوج قرار دینے کا بیان بڑاغیرذمہ دارانہ ہے ‘ان کے بیان سے تکلیف ہوئی ‘محمود خان اچکزئی سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی تھی ‘ محمود اچکزئی نظریات رکھیں لیکن حملے نہ کریں‘ پاک فوج کسی صوبے یا ضلعے کی نہیں وفاقی فورس ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا‘ایوان زیریں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظورکرلی ۔اپنے خطاب میں خواجہ آصف کاکہناتھاکہ اپوزیشن لیڈر نے پاک فوج پر الزامات لگانے کی کوشش کی ہے‘ بلوچستان میں 200 سے زائد دہشتگرد مارے گئے‘ہمارے فوجیوں کی گردنیں تنوں سے جدا کی جاتی ہیں‘ہم سیاستدان گرے ایریاز میں رہتے ہیں‘ پارٹیاں بدلتے ہیں لیکن ان شہیدوں نے کبھی پارٹیاں نہیں بدلیں‘اس وقت پاکستانی فوج کا تشخص قومی ہے۔ہم اپنے مفادات اور اقتدار کی جنگ لڑ رہے ہیں۔