لاہور (جنگ نیوز)سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کا پاک فوج پر حالیہ بیان انتہائی افسوسناک اور جھوٹ پر مبنی ہے، فوج کا سیاست سے کچھ لینا دینا نہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سکیورٹی فورسز ، فوج، پولیس یا ایف سی کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد سے مشروط ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد حملہ، دہشت گرد کو افغانستان میں تربیت دی گئی تھی، آپ کی کوئی بھی سیاسی یا مذہبی سوچ ہو، اس سے فرق نہیں پڑتا،دہشت گردی کے خلاف ہمیں متحد ہونا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق 3 سال قبل 15 سے 20 ملین لیٹر ایرانی پیٹرول، ڈیزل کی اسمگلنگ ہوتی تھی، ایرانی پیٹرول اورڈیزل کی اسمگلنگ اب ختم ہوچکی ہے، اسمگلنگ کا پیسہ دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال ہوتا ہے، گڈ گورننس ہی ایک واحد ذریعہ ہے جو دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرسکتی ہے۔