اسلام آباد(ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کےسینئر رہنماء ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ پاکستان کے بلدیاتی نظام کو بچانے کا وقت آگیا ،پاکستان کو بچانے کیلئے کراچی کو بچانا اور اس کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہوگا ، قومی اتفاق رائے سے نیا قومی چارٹر لانے کی ضرورت ہے ،آزاد بااختیار شہری مقامی حکومت کا ترمیمی بل اب ہم نئی ترمیم میں شامل کرائیں گے، قوم کی ضروریات کو سامنے رکھ کر پالیسیاں بنانا ہونگی۔جمعرات کو نیشنل پریس کلب میں ارکان پارلیمنٹ و قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک کے سیاسی و معاشی مسائل میں اضافہ ہورہا ہے، ہمیں کثیر الجہتی مسائل کا سامنا ہے ،ہم وفاق کے اتحادی تو ہیں تاہم ہم مسلم لیگ (ن) کےدانا دوست ہیں۔