راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) مرکزی انجمن تاجران کے زیر اہتمام پیرا فورس،فوڈ اتھارٹی، پرائس کنٹرول کمیٹی،پنجاب ریوینیو اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ کے ناروا سلوک، ناجائز جرمانے، دکانیں سیل کرنے اور تاجروں پر مسلسل قائم کیے جانے والے ناجائز مقدمات کے خلاف گزشتہ روز مری روڈ لیاقت باغ چوک میں میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جسکی قیادت صدر پنجاب و راولپنڈی شاہد غفور پراچہ نے کی جبکہ دیگر مرکزی عہدیداران راجہ توحید،رانا خرم،ملک وقار،ساجد بٹ،ظہیر عباسی،سلیم پرویز بٹ،سردار ثاقب،سیف اللہ خان،اور حاجی عطا ء سمیت تمام تاجر تنظیموں کے عہدیداران و ارکان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے تحریر شدہ بینرز اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شاہد غفور پراچہ و دیگر تاجر رہنماوں نے کہا کہ تاجروں کو کاروبار کی آسانی دینے کی بجائے کاروبار کرنا ہی ناممکن بنا دیا گیا ہے،جسکی وجہ سے راولپنڈی کی تاجر برادری زہنی طور پر کاروبار کرنے کے قابل نہیں رہی اگر یہی حالات جاری رہے تو ہمیں اس بات پر مجبور ہونا پڑے گا کہ کہ ہم اپنی دکانوں کو تالے لگا کر چابیاں ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے حوالے کر دیں۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے اپیل ہے کہ اگر ہمارے ان جائز مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو پنجاب بھر کی تاجر تنظیموں سے مشاورت کے بعد شٹر ڈاون ہڑتال پر مجبور ہو جائیں گے۔